خواجہ رفعت حسین نیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہوں خطا وار کوئی سزا دیجئے (غزل)
ہوں خطا وار کوئی سزا دیجئے
پیار کا کچھ تو مجھ کو صلہ دیجئے
بے وفائی کا الزام دے کر مجھے
یوں نہ محفل سے اپنی اٹھا دیجئے
نفرتیں دل میں رکھنے سے کیا فائدہ
اختلافات باہم مٹا دیجئے
ہم بنائیں گے پھر اک نیا آشیاں
آپ توڑیں اسے یا گرا دیجئے
جستجو کیجئے اک نئے دور کی
ناامیدی کو دل سے مٹا دیجئے
آشیاں پھر بنایا ہے ہم نے فلک
شوق سے آپ بجلی گرا دیجئے
شاد رہتا ہے نیرؔ تو اے حاسدو
آگ خوشیوں میں اس کی لگا دیجئے
انداز فکر اپنا بدل کر تو دیکھیے (غزل)
انداز فکر اپنا بدل کر تو دیکھیے
نفرت کے دائروں سے نکل کر تو دیکھیے
ہم ہیں وفا پرست یہ آ جائے گا نظر
عینک کو آپ اپنی بدل کر تو دیکھیے
منزل ضرور چومے گی قدموں کو آپ کے
عزم سفر کے ساتھ نکل کر تو دیکھیے
ہر دل عزیز آپ بھی بن جائیں گے حضور
خول انا سے اپنے نکل کر تو دیکھیے
خود مٹ کے فیض اوروں کو دینے کے لطف کو
نیرؔ شمع سا آپ بھی جل کر تو دیکھیے