خواجہ ربانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حکومت ہے نہ شوکت ہے نہ عزت ہے نہ دولت ہے (غزل)
حکومت ہے نہ شوکت ہے نہ عزت ہے نہ دولت ہے
ہمارے پاس اب لے دے کے باقی بس ثقافت ہے
گنے جاتے ہیں جو دہلیز کے بجھتے چراغوں میں
انہیں ایوان کی محراب میں جلنے کی عادت ہے
چلو خیرات نہ ملتی کوئی کھڑکی ہی کھل جاتی
فقیروں کو محلے سے بس اتنی سی شکایت ہے
بھرم دونوں کا قائم ہے ادائے بے نیازی سے
زمانہ پوچھتا کب ہے ہماری کیا ضرورت ہے
کسی منزل پہ ہم کو مستقل رہنے نہیں دیتا
نہ جانے وقت کو ہم بے گھروں سے کیا شکایت ہے
زباں بندی تو پہلے تھی بحکم صاحب عالم
نگاہوں کو بھی اب خاموش رہنے کی ہدایت ہے
شجاعت کی مثالیں قبر کے پتھر میں رکھی ہیں (غزل)
شجاعت کی مثالیں قبر کے پتھر میں رکھی ہیں
ہماری ساری شمشیریں عجائب گھر میں رکھی ہیں
ہوا کی دشمنی سے حوصلے ٹوٹے نہیں اس کے
اڑانیں تو پرندے کے شکستہ پر میں رکھی ہیں
جسے چاہے دکھاتا ہے جسے چاہے مٹاتا ہے
کہ تصویریں سبھی اب دست شیشہ گر میں رکھی ہیں
چراغوں کے محلے میں بہت تیزی سے چلتی ہے
یہ کیسی وحشتیں یا رب ہوا کے سر میں رکھی ہیں
ہمارے بعد آنے والوں کو کوئی تو سمجھائے
گئے وقتوں کی تاریخیں ہر اک پتھر میں رکھی ہیں
گلوں سے قربتیں ثابت فقط خوشبو سے ہوتی ہیں
قبائیں تو صبا کی قبضۂ صرصر میں رکھی ہیں
ہم اپنا ساز و ساماں لے تو آئے ہیں نئے گھر میں
مگر کچھ دستکیں اب بھی پرانے گھر میں رکھی ہیں
وہ راہ وصل کہ پیکر نہیں بینائی چلتی تھی
مری آنکھیں ترے دیدار کے منظر میں رکھی ہیں
یہ کیا پاگل تمنا ہے جو سوچو میں اتر گئی ہے (نظم)
یہ کیا پاگل تمنا ہے جو سوچو میں اتر گئی ہے
پروں میں اک اجنبی ہوا بھر گئی ہے
شام کے دھندلکے سے کہنا پڑے گا
گھر لوٹنے کی خواہش مر گئی ہے