خواجہ غلام السیدین ربانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ اس طرح بھی مجھے آزمانے لگتا ہے (غزل)
وہ اس طرح بھی مجھے آزمانے لگتا ہے
مزاج پوچھتا ہے مسکرانے لگتا ہے
کوئی تو ہے جو رہائی کے حکم سے پہلے
ہماری قید کی مدت بڑھانے لگتا ہے
نگاہ اس کی عجب ہے کہ کچھ نہیں کہتی
مگر بدن ہے کہ اکثر بلانے لگتا ہے
امیر شہر کی مٹھی میں ہے مرا منصف
بیاں سے پہلے سزائیں سنانے لگتا ہے
ہماری روح کو رخصت ہوئے زمانہ ہوا
یہ دیکھنا ہے بدن کب ٹھکانے لگتا ہے
گھر میں اپنا شمار چاہتے ہیں (غزل)
گھر میں اپنا شمار چاہتے ہیں
یعنی ہم اختیار چاہتے ہیں
کچھ تو طے ہو زر مبادل جاں
اب کے ہم کاروبار چاہتے ہیں
عہد و میثاق توڑنے والے
پھر سے سودا ادھار چاہتے ہیں
عزتیں مفت میں نہیں ملتیں
مرتبے اعتبار چاہتے ہیں
ایک نسبت تمہارے در سے رہے
ہم کہاں افتخار چاہتے ہیں
کچھ تو اورنگ جاں کی زیب بڑھے
ایک کچا مزار چاہتے ہیں
مزید غزلیں از خواجہ غلام السیدین ربانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں