خواجہ لطیف احمد جریح کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تا بہ کے تیر پہ او تیر لگانے والے (غزل)
تا بہ کے تیر پہ او تیر لگانے والے
دیکھ مر جائیں نہ یہ ناز اٹھانے والے
جان دے دوں گا کہا میں نے تو وہ کہتے ہیں
ایسے دیکھے ہیں بہت جان سے جانے والے
جس طرح اپنی بسر ہوتی ہے ہو جاتی ہے
خوش رہیں شاد رہیں دل کے جلانے والے
جذب دل چاہے ہے الفت میں اثر ہو صاحب
بن بلائے ہی چلے آتے ہیں آنے والے
شکر کرتے ہیں شکایت کی جگہ ہم ہر بار
ہم سے کم ہوں گے ترے جور اٹھانے والے
درد و غم رنج و الم حیرت و یاس و حرماں
یہی مہمان تو ہیں آ کے نہ جانے والے
ان کے کوچے سے میں گزرا تو کہا شوخی سے
کیوں ادھر آتے ہیں سنتے بھی ہو جانے والے
جان دینے کو ہیں تیار جریحؔ مضطر
تم نے دیکھے نہیں کیا ناز اٹھانے والے
کس بے وفا سے حال کہا اضطراب کا (غزل)
کس بے وفا سے حال کہا اضطراب کا
خانہ خراب اس دل خانہ خراب کا
قاصد کی لاش آئی ہے خط کے جواب میں
منشا یہ ہے جواب نہ آئے جواب کا
سن لو گے کوئی دن میں کہ کمھلا گیا یہ پھول
مکھڑا تھا چاند سا جو عروس شباب کا
قاصد کے دل میں تھا کہ زبانی بھی کچھ کہے
حاضر مگر مزاج نہ پایا جناب کا
تقصیر بھی گناہ بھی کوئی خطا بھی ہو
کہنا نہیں ہے حال تمہارے عتاب کا
اندیشہ ہے نہ روح امیں لے اڑیں جریحؔ
ہوں خاک در جناب رسالت مآب کا