خواجہ دل محمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آکاش کے نیلے منڈل پر جو تاروں کی گل کاری ہے (نظم)
آکاش کے نیلے منڈل پر جو تاروں کی گل کاری ہے
سج اس کی کیا من لیوا ہے دھج کیسی پیاری پیاری ہے
اور کاہکشاں جو بیچ میں ہے وہ پھولوں کی پھلواری ہے
کیا نکھرا نکھرا گلشن ہے کیا پیاری پیاری کیاری ہے
تسنیم نکل کر کوثر سے فردوس کے اندر ساری ہے
یا سمجھو دودھ بتاشوں کی آکاس پہ گنگا جاری ہے
اور تارے جب اس ساگر پر کچھ ہنستے ہنستے آتے ہیں
منہ نور سے اپنا دھوتے ہیں اور خالق کے گن گاتے ہیں
کیا جگ مگ جگ مگ کرتی ہیں قندیلیں ان مہ پاروں کی
کیا جوت جھلا جھل ہوتی ہے ان سندر روپ ستاروں کی
مت دانے دنکے جان انہیں یہ ہاٹ نہیں بنجاروں کی
یہ ہیرے جھم جھم کرتے ہیں مت بوجھ چتا انگاروں کی
کیا نوری نوری مشعل ہیں ان پیارے پیارے تاروں کی
کیا جھلمل جھلمل کرتی ہیں فانوسیں شب بیداروں کی
کیا روپ انوپ مزین ہے جو محفل کو دکھلاتے ہیں
جھمکا کا رنگ شبستاں کا سب خالق کے گن گاتے ہیں