پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خوشی محمد ناظر کی غزلیں — Khushi Mohammad Naazir Ghazals

خوشی محمد ناظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی شمع اور کوئی پروانہ ہوگا (غزل)

کوئی شمع اور کوئی پروانہ ہوگا

جہاں میں عشق کا افسانہ ہوگا

جنون عشق سے ہے لطف ہستی

وہ دیوانہ ہے جو فرزانہ ہوگا

ترے مستوں کا اے کوثر کے ساقی

وہی پیماں وہی پیمانہ ہوگا

خرابات جہاں وقف فنا ہے

مگر باقی ترا مے خانہ ہوگا

رواں ہیں کارواں جس کی طرف سب

یہی وہ کوچۂ جانانہ ہوگا

وہ دل ہی کیا کہ رقص موج جس کا

حریف جنبش دریا نہ ہوگا

وبال دوش ہے وہ سر کہ جس میں

کسی کے عشق کا سودا نہ ہوگا

جسے شہد و شکر کی آرزو ہے

لب نوشیں کا وہ رسیا نہ ہوگا

محبت کے ہیں رنگا رنگ نیرنگ

کہیں افسوں کہیں افسانہ ہوگا

پرستاری ہے طینت میں بشر کی

جہاں کعبہ نہیں بت خانہ ہوگا

پیامی سے کسی نے کہہ دیا ہے

کہ ناظرؔ سے کوئی پروانہ ہوگا

کس کی چشم مست یاد آتی رہی (غزل)

کس کی چشم مست یاد آتی رہی

نیند آنکھوں سے مری جاتی رہی

دل تو شوق دید میں تڑپا کیا

آنکھ ہی کم بخت شرماتی رہی

زندگی سے ہم رہے نا آشنا

سانس گو آتی رہی جاتی رہی

عمر بھر ناظرؔ رہے صحرا نورد

بزم گلشن گرچہ یاد آتی رہی

اے باد صبح گاہی دل کی کلی کھلا دے (نظم)

اے باد صبح گاہی دل کی کلی کھلا دے

ویرانہ میرے دل کا رشک چمن بنا دے

اس بزم جاں فزا کا نظارہ پھر دکھا دے

گلزار آرزو میں پھر تازہ گل کھلا دے

یہ کارزار ہستی ہے رنج و غم کی بستی

پھر یاد بزم جم میں اک جام جم پلا دے

اب شام زندگی کی ظلمت ہے چھانے والی

وہ صبح دل کشا کا نظارہ پھر دکھا دے

پستی میں پا بہ گل ہے عمر رواں کا دریا

پھر اونچی وادیوں کے منظر اسے دکھا دے

وہ عہد شادمانی وہ عطر زندگانی

اے دور آسمانی واپس کہیں سے لادے

اے باغباں ہو تجھ کو تخت چمن مبارک

مجھ کو وہ ہم نوا دے وہ میرا گھونسلہ دے

کن حسرتوں سے ناظرؔ اس انجمن سے نکلے

میلا سا لگ رہا ہے جب ہم چمن سے نکلے

احوال بزم گلشن اے نامہ بر سنانا

وہ داستاں ہے دل کش رنگیں ہے وہ فسانہ

اس بزم دل کشا میں الفت کی اس فضا میں

تاروں کی روشنی میں یاروں کا مل کے گانا

کانوں میں رچ رہی ہے کوئل کی کوک اب تک

ناظرؔ کا ہے وظیفہ اس دھن میں گنگنانا

کالج کی سرزمیں تھی یا نقش دل نشیں تھی

دل سے خیال اس کا ممکن نہیں بھلانا

دریا میں مل کے جیسے ہوں ندیاں ہم آغوش

بیگانہ کل جو آیا وہ آج تھا یگانہ

بہر طواف جانا پیر مغاں کے در پر

اور اس کی اک نگہ سے سرمست ہو کے آنا

اس چشم مست میں تھی یہ طرفہ اک کرامت

پھرتی وہ جس طرف کو پھرتا ادھر زمانا

اے وقت رفتہ آ جا پھر وہ سماں دکھا جا

ایسا بھی کیا تھا جانا پھر لوٹ کر نہ آنا

اے ناخدا بھنور سے کشتی میری بچا کر

یاران آشنا سے بہر خدا ملانا

در فصل گل کہ گلشن نقش و نگار بندو

ناظرؔ خیال خود را اور بزم یار بندو