پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خوشبو سکسینہ کی غزلیں — Khushboo Saxena Ghazals

خوشبو سکسینہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کو پتھر بنا کے دیکھتے ہیں (غزل)

دل کو پتھر بنا کے دیکھتے ہیں

اس سے نظریں چرا کے دیکھتے ہیں

دل کو تسکین کی ضرورت ہے

درد کو گنگنا کے دیکھتے ہیں

کوئی آئے نہ آئے اس سے کیا

آج گھر کو سجا کے دیکھتے ہیں

جاگتا ہے کہ سو رہا ہے وہ

اس کے خوابوں میں جا کے دیکھتے ہیں

اس نے کیا لکھ دیا ہے آنکھوں میں

آئینہ پاس لا کے دیکھتے ہیں

پھر نیا درد چاہتا ہے یہ دل

اس کی باتوں میں آ کے دیکھتے ہیں

اے میرے ہاتھ کے کنگن کھنک آہستہ آہستہ (غزل)

اے میرے ہاتھ کے کنگن کھنک آہستہ آہستہ

دھڑک اے دل دھڑک لیکن دھڑک آہستہ آہستہ

مری آنکھوں میں چبھتی ہے زیادہ روشنی ہو تو

اے جگنو سن دمک لیکن دمک آہستہ آہستہ

زمانے بعد آیا ہے کسی کا عکس آنکھوں میں

اے شاخ گل مہک لیکن مہک آہستہ آہستہ

کبھی ضد ہی نہیں کرتی کوئی حسرت مرے دل کی

مچلتی ہے مگر من کی للک آہستہ آہستہ

بھروسہ کیجئے اس پر اسی کی مہربانی سے

چلی آتی ہے چہرے پر چمک آہستہ آہستہ

یہ تتلی پھول پر بیٹھی ہے تو بیٹھی بھی رہنے دے

ہوا پلکیں جھپک لیکن جھپک آہستہ آہستہ

مزید غزلیں از خوشبو سکسینہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں