پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خوشبو پروین کی غزلیں — Khushboo Parveen Ghazals

خوشبو پروین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر ایک حرف دعا کے لیے کہو آمین (غزل)

ہر ایک حرف دعا کے لیے کہو آمین

میں کہہ رہی ہوں خدا کے لیے کہو آمین

جناب مفتیٔ اعظم معاوضے کے عوض

ہوں بے گناہ سزا کے لیے کہو آمین

کہیں رہو تو رقابت میں فاتحہ پڑھنا

دفاع مکر و ریا کے لیے کہو آمین

اکیلے رہنا تو شرمندہ خود پہ ہو لینا

ابھی تو جھوٹی انا کے لئے کہو آمین

میں جانتی ہوں منافق نہیں ہو تم اے دوست

رہوں میں شاد سدا کے لیے کہو آمین

رہے دعاؤں میں شامل کبھی نہ خود غرضی

ہر ایک شئے کی بقا کے لیے کہو آمین

وہ مل گیا ہے تو خوشبوؔ کو مل گیا سب کچھ

کہا یہ دل نے پیا کے لیے کہو آمین

یوں احتجاج کی صورت بحال کرنے لگی (غزل)

یوں احتجاج کی صورت بحال کرنے لگی

میں اپنی ذات سے چبھتے سوال کرنے لگی

کسی کے طنز کے باعث ہنر عطا ہوا ہے

یوں ہی نہیں میں اچانک کمال کرنے لگی

حقیقی عکس سے میں آشنا ہوئی جب سے

خود آئنے کی بہت دیکھ بھال کرنے لگی

کوئی بھی وقت ہو ہٹتا نہیں ہے اک سایہ

میں اک دریچے کو کتنا نہال کرنے لگی

اندھیرا چھٹنے سے پہلے میں سجدہ ریز ہوئی

دراز اپنا میں دست سوال کرنے لگی

سوال کرنے لگے ناقدین اب خوشبوؔ

سخن میں اپنی میں قائم مثال کرنے لگی

مزید غزلیں از خوشبو پروین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں