خورشید الاسلام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
روٹھے ہوؤں کو اپنے منانے چلے تھے ہم (غزل)
روٹھے ہوؤں کو اپنے منانے چلے تھے ہم
بگڑی ہوئی تھی بات بنانے چلے تھے ہم
کیا کہئے آسمان تھا وہ یا زمین تھی
جس پر گلوں کا نقش بٹھانے چلے تھے ہم
دیکھا انہیں قریب سے ہم نے تو رو دیے
جن بستیوں کو آگ لگانے چلے تھے ہم
دنیا کے ناز دیکھ کے حیران رہ گئے
گویا اسی کے ناز اٹھانے چلے تھے ہم
ویرانیوں نے بڑھ کے گلے سے لگا لیا
لے کر دلوں میں کیسے خزانے چلے تھے ہم
دیکھا جو آپ اپنے لئے غیر ہو گئے
غیروں کو آئنہ تو دکھانے چلے تھے ہم
ترا غم جب سے کم ہونے لگا ہے (غزل)
ترا غم جب سے کم ہونے لگا ہے
ہمیں بھی اپنا غم ہونے لگا ہے
ہم اپنے حال سے ڈرنے لگے ہیں
کہ غم خواروں کو غم ہونے لگا ہے
ہماری راستی کے سامنے اب
ہمارا قد بھی خم ہونے لگا ہے
عطا کرتے ہیں جو اہل تواضع
وہ بادہ ہم کو سم ہونے لگا ہے
وجود آدمی سے پیشتر ہی
سر آدم قلم ہونے لگا ہے
کوئی چہرہ کوئی نغمہ کوئی جام
خفا دنیا سے دم ہونے لگا ہے
صنم پہلے خدا تھا اب خدا بھی
تراشیدہ صنم ہونے لگا ہے
دور سے چل کے آیا تھا میں ننگے پاؤں ننگے سر (نظم)
دور سے چل کے آیا تھا میں ننگے پاؤں ننگے سر
سر میں گرد زباں میں کاٹنے پاؤں میں چھالے ہوش تھے گم
اتنا پیاسا تھا میں اس دن جتنا چاہ کا مارا ہو
چاہ کا مارا وہ بھی ایسا جس نے چاہ نہ دیکھی ہو
اتنے میں کیا دیکھا میں نے ایک کنواں ہے ستھرا سا
جس کی من ہے پکی اونچی جس پر چھاؤں ہے پیڑوں کی
چڑھ کر من پر جھانکا میں نے جوش طلب کی مستی میں
کتنا گہرا اتنا گہرا جتنی ہجر کی پہلی رات
کیسا اندھا ایسا اندھا جیسی قبر کی پہلی رات
کنکر لے کے پھینکا تہہ میں
پانی کی آواز نہ آئی
اس کا دل بھی خالی تھا