خورشید طلب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شدید حبس میں راحت ہوا سے ہوتی ہے (غزل)
شدید حبس میں راحت ہوا سے ہوتی ہے
بحال اپنی طبیعت ہوا سے ہوتی ہے
کوئی چراغ جلاتا نہیں سلیقے سے
مگر سبھی کو شکایت ہوا سے ہوتی ہے
لچک کے ٹوٹ نہ جائے کہیں یہ شاخ بدن
چلے جو تیز تو وحشت ہوا سے ہوتی ہے
کہیں دھویں کے سوا کچھ نظر نہیں آتا
کبھی کبھی وہ شرارت ہوا سے ہوتی ہے
ہوا سے کہہ دو کہ کچھ دیر کو ٹھہر جائے
خجل ہماری عبارت ہوا سے ہوتی ہے
ازل سے اس کی طبیعت میں سرکشی ہے طلبؔ
کہاں کسی کی اطاعت ہوا سے ہوتی ہے
بلا سے کوئی کہے دن کو رات چپ رہنا (غزل)
بلا سے کوئی کہے دن کو رات چپ رہنا
تم اپنے ہونٹوں پہ رکھ لینا ہات چپ رہنا
کہیں پہ کچھ بھی نظر آئے پوچھنا مت کچھ
کبھی نکلنا اگر میرے ساتھ چپ رہنا
خدا نے بخشا ہے کیا ظرف موم بتی کو
پگھلتے رہنا مگر ساری رات چپ رہنا
تمہارے سر پہ بگولے بھی آ کے چیخیں گے
مگر بھلانا نہیں میری بات چپ رہنا
تمہاری چیخ تمہیں بے پناہ کر دے گی
شکاری کب سے لگائے ہے گھات چپ رہنا
زبان تالو میں پیوست کر کے رکھنا طلبؔ
کوئی مذاق ہے کیا تا حیات چپ رہنا