خورشید سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بس یہ ہوا کہ رشتوں کے سب ہاتھ کٹ گئے (غزل)
بس یہ ہوا کہ رشتوں کے سب ہاتھ کٹ گئے
ہم لوگ اپنے آپ ہی آپس میں بٹ گئے
آثار ممکنات تھے جتنے وہ گھٹ گئے
سورج نکل کے آیا تو کہرے بھی چھٹ گئے
یہ بزدلی تھی اپنی کہ کچھ بھی نہیں کہا
ہونے دیا جو ہونا تھا رستے سے ہٹ گئے
ان سے تو جا کے ملنا بھی دشوار ہو گیا
مصروفیت کے نام پہ ہم بھی سمٹ گئے
ہم کیا کہیں کہ کیسے حماقت یہ ہو گئی
جو تھا سبق بھلانے کا اس کو بھی رٹ گئے
دیوار و در سے اب بھی رفاقت وہی رہی
تنہائیوں میں آئے تو ان سے لپٹ گئے
خورشیدؔ اس پہ سوچئے کس کا قصور ہے
آسودگی کے لمحے بھی آ کر پلٹ گئے
لمحوں کی گھٹن خوف کا طوفان بہت ہے (غزل)
لمحوں کی گھٹن خوف کا طوفان بہت ہے
میری ہی طرح وقت پریشان بہت ہے
ہم جس کے لیے شہر سکوں چھوڑ کے آئے
وہ دشت جنوں خیز بھی سنسان بہت ہے
مجھ سے مری منزل کا پتہ پوچھنے والو
ہر راستہ میرے لیے انجان بہت ہے
ہر موڑ پہ اک کوہ گراں بن کے کھڑے ہیں
ٹوٹے ہوئے لوگوں میں ابھی شان بہت ہے
آباد تھے جس میں تری یاروں کے قبیلے
وہ قریۂ جاں ان دنوں ویران بہت ہے
اے دوستو دکھ درد کے قصے نہ سناؤ
خورشیدؔ سحر آج پریشان بہت ہے