پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خورشید رضوی کی غزلیں — Khursheed Rizvi Ghazals

خورشید رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ جو ننگ تھے یہ جو نام تھے مجھے کھا گئے (غزل)

یہ جو ننگ تھے یہ جو نام تھے مجھے کھا گئے

یہ خیال پختہ جو خام تھے مجھے کھا گئے

کبھی اپنی آنکھ سے زندگی پہ نظر نہ کی

وہی زاویے کہ جو عام تھے مجھے کھا گئے

میں عمیق تھا کہ پلا ہوا تھا سکوت میں

یہ جو لوگ محو کلام تھے مجھے کھا گئے

وہ جو مجھ میں ایک اکائی تھی وہ نہ جڑ سکی

یہی ریزہ ریزہ جو کام تھے مجھے کھا گئے

یہ عیاں جو آب حیات ہے اسے کیا کروں

کہ نہاں جو زہر کے جام تھے مجھے کھا گئے

وہ نگیں جو خاتم زندگی سے پھسل گیا

تو وہی جو میرے غلام تھے مجھے کھا گئے

میں وہ شعلہ تھا جسے دام سے تو ضرر نہ تھا

پہ جو وسوسے تہ دام تھے مجھے کھا گئے

جو کھلی کھلی تھیں عداوتیں مجھے راس تھیں

یہ جو زہر خند سلام تھے مجھے کھا گئے

کل میں انہی رستوں سے گزرا تو بہت رویا (غزل)

کل میں انہی رستوں سے گزرا تو بہت رویا

سوچی ہوئی باتوں کو سوچا تو بہت رویا

دل میرا ہر اک شے کو آئینہ سمجھتا ہے

ڈھلتے ہوئے سورج کو دیکھا تو بہت رویا

جو شخص نہ رویا تھا تپتی ہوئی راہوں میں

دیوار کے سائے میں بیٹھا تو بہت رویا

آساں تو نہیں اپنی ہستی سے گزر جانا

اترا جو سمندر میں دریا تو بہت رویا

جس موج سے ابھرا تھا اس موج پہ کیا گزری

صحرا میں وہ بادل کا ٹکڑا تو بہت رویا

ہم تیری طبیعت کو خورشیدؔ نہیں سمجھے

پتھر نظر آتا تھا رویا تو بہت رویا

کہیں تم ملو تو (نظم)

کہیں تم ملو تو

مسائل کو الجھا ہوا چھوڑ کر ہم

علائق کی زنجیر کو توڑ کر ہم

چلیں اور کنج چمن میں کہیں

سایۂ تاک میں بیٹھ کر

بھولے بسرے زمانوں کی باتیں کریں

اور اک دوسرے کے خد و خال میں

اپنے کھوئے ہوئے نقش پہچان کر

محو حیرت رہیں

اور نرگس کی صورت

وہیں جڑ پکڑ لیں