پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خورشید احمد جامی کی غزلیں — Khurshid Ahmad Jami Ghazals

خورشید احمد جامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی ہلچل ہے نہ آہٹ نہ صدا ہے کوئی (غزل)

کوئی ہلچل ہے نہ آہٹ نہ صدا ہے کوئی

دل کی دہلیز پہ چپ چاپ کھڑا ہے کوئی

ایک اک کر کے ابھرتی ہیں کئی تصویریں

سر جھکائے ہوئے کچھ سوچ رہا ہے کوئی

غم کی وادی ہے نہ یادوں کا سلگتا جنگل

ہائے ایسے میں کہاں چھوڑ گیا ہے کوئی

یاد ماضی کی پراسرار حسیں گلیوں میں

میرے ہم راہ ابھی گھوم رہا ہے کوئی

جب بھی دیکھا ہے کسی پیار کا آنسو جامیؔ

میں نے جانا مرے نزدیک ہوا ہے کوئی

سحر کے ساتھ چلے روشنی کے ساتھ چلے (غزل)

سحر کے ساتھ چلے روشنی کے ساتھ چلے

تمام عمر کسی اجنبی کے ساتھ چلے

ہمیں کو مڑ کے نہ دیکھا ہمیں سے کچھ نہ کہا

اس احتیاط سے ہم زندگی کے ساتھ چلے

تمہارے شہر میں انجان سا مسافر تھا

تمہارے شہر میں جس آدمی کے ساتھ چلے

غموں نے پیار سے جس وقت ہاتھ پھیلائے

تو سب کو چھوڑ کے ہم کس خوشی کے ساتھ چلے

گولکنڈہ حسن‌ تہذیب و تمدن کا دیار (نظم)

گولکنڈہ حسن‌ تہذیب و تمدن کا دیار

عظمت افسانۂ ہستی کی زندہ یادگار

سربلندی سے تری ملتا ہے جھک کر آسماں

ذرہ ذرہ میں نظر آتا ہے مہر ضو فشاں

ان فضاؤں میں پہنچ کر آہ کھو جاتا ہوں میں

گم خیالوں کی حسین وادی میں ہو جاتا ہوں میں

سامنے رکتے ہیں کتنے کاروان رنگ و بو

جیسے یہ خاموشیاں کرتی ہیں مجھ سے گفتگو

فکر کی راہوں سے چھٹ جاتا ہے صدیوں کا غبار

سانس لیتی ہیں بہاریں جاگتے ہیں کوہسار

پتھروں کے دل دھڑکنے کی صدا سنتا ہوں میں

پھول امیدوں کے اسی گلزار میں چنتا ہوں میں

وقت کے ہاتھوں میں ہے آئینہ شام و سحر

جگمگا اٹھے ہیں سارے آرزو کے بام و در

دیکھتا کیا ہوں کہ ان سنگیں فصیلوں کے تلے

دور تک پھیلے ہوئے ہیں زندگی کے سلسلے

نور کے پرچم نظر آتے ہیں لہراتے ہوئے

جھوم کر اک داستان شوق دہراتے ہوئے

آسماں سے ٹوٹ کر دھرتی پہ آ جاتے ہیں خواب

کتنے ہونٹوں کا تبسم کتنے چہروں کے گلاب

دل کشی افکار میں ہے بانکپن جذبات میں

ایک نا معلوم نا ہلچل ہے محسوسات میں

مزید غزلیں از خورشید احمد جامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں