خورشید فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تری انجمن میں مجھ کو بھلا اور کیا ملے گا (غزل)
تری انجمن میں مجھ کو بھلا اور کیا ملے گا
کوئی درد جاگ اٹھے گا کوئی غم نیا ملے گا
وہاں گل کدہ بھی ہوگا وہاں کہکشاں بھی ہوگی
جہاں تیرے راستے سے مرا راستہ ملے گا
تو جنوں کی دلبری سے ابھی آشنا تو ہو لے
تجھے اپنے آئنے میں کوئی دوسرا ملے گا
رہ زندگی میں کوئی تو مقام شکر ہوگا
کسی موڑ پر تو مجھ کو وہ گریز پا ملے گا
ذرا اور کچھ ورق میں تری داستاں کا پڑھ لوں
جو ملا ملا ہے مجھ سے وہ جدا جدا ملے گا
میں یہاں آیا تھا داغ دل دکھانے کے لیے (غزل)
میں یہاں آیا تھا داغ دل دکھانے کے لیے
پا لیا تم نے بہانہ مسکرانے کے لیے
حرف حق پھر حرف حق ہے اور ابھرتا جائے گا
لاکھ منصوبے بنا ڈالو مٹانے کے لیے
زندہ رہنا ہے تو کیجے زندگی کا احترام
یہ مرا پیغام ہے سارے زمانے کے لیے
اے غم دوراں ترے چہرے پہ مایوسی ہے کیوں
میں ابھی زندہ ہوں تیرے ناز اٹھانے کے لیے
کتنے ناداں ہیں مآل کار سے واقف نہیں
آ گئے خورشیدؔ سے آنکھیں ملانے کے لیے