خرم طاہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جہاں کہیں بھی ہو تیری خوشی ضروری ہے (غزل)
جہاں کہیں بھی ہو تیری خوشی ضروری ہے
یہ کب کہا تری موجودگی ضروری ہے
یہ مسئلہ بھی فقط آدمی کے ساتھ ہے دوست
کہ جو نہیں ہے میسر وہی ضروری ہے
محبتوں میں سبھی کچھ نہیں ہے خاموشی
کبھی کبھار تو اظہار بھی ضروری ہے
میں تیرے بعد مکمل نہ رہ سکوں شاید
ترا وجود کچھ اس طرح بھی ضروری ہے
خدا پہ اپنی ہر اک بات ٹالنے والے
خدا سے بھی ذرا پہلے خودی ضروری ہے
گزارنے کے لیے عمر ہی بہت ہے مگر
جو جینا چاہے اسے زندگی ضروری ہے
غم نہ کر غم کی سیہ رات بدل سکتی ہے (غزل)
غم نہ کر غم کی سیہ رات بدل سکتی ہے
جو بھی ہو صورت حالات بدل سکتی ہے
وعدۂ وصل پہ میں خوش تو ہوا ہوں لیکن
یہ بھی خدشہ ہے کہ وہ بات بدل سکتی ہے
میں ترے ناز اٹھانے پہ رضامند مگر
تو مرے واسطے عادات بدل سکتی ہے
میں نے مانا مری وقعت نہیں کچھ بھی لیکن
تو جو مل جائے تو اوقات بدل سکتی ہے
میں تجھے دل میں بسا لوں مگر اتنا تو بتا
تو خوشی میں مرے صدمات بدل سکتی ہے
اس لیے بھی میں روایات کا قائل نہ ہوا
یہ ہے دنیا یہ روایات بدل سکتی ہے