پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خورشید افسر بسوانی کی غزلیں — Khursheed Afsar Baswani Ghazals

خورشید افسر بسوانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیے پلکوں کے سارے بجھ رہے ہیں (غزل)

دیے پلکوں کے سارے بجھ رہے ہیں

سر شب ہی ستارے بجھ رہے ہیں

ان آنکھوں نے جنہیں روشن کیا تھا

وہ سب منظر ہمارے بجھ رہے ہیں

بہت کم ہو چلی ہے آتش خاک

زمیں تیرے شرارے بجھ رہے ہیں

سیاحت ہاتھ مل کر رہ گئی ہے

سر ساحل شکارے بجھ رہے ہیں

پئے شب سیر آیا بھی کہاں میں

جہاں سارے نظارے بجھ رہے ہیں

نہ ہلچل ہے نہ کوئی موج بوسہ

سمندر کے کنارے بجھ رہے ہیں

میں یخ بستہ ہوا جاتا ہوں افسرؔ

مرے جذبات سارے بجھ رہے ہیں

کبھی ستارہ کبھی رمز و استعارہ ہوا (غزل)

کبھی ستارہ کبھی رمز و استعارہ ہوا

عجیب ڈھنگ سے وہ مجھ پہ آشکارا ہوا

سبھی نے آئینہ دیکھا ابھی مسلم تھا

تری نگاہ پڑی اور پارہ پارہ ہوا

رکھا گیا ہے حفاظت سے سیلف میں مجھ کو

کہ جیسے میں بھی خصوصی کوئی شمارہ ہوا

ہمیں نے آگ لگائی تھی اپنے دامن میں

پھر اس کے بعد نہ آنسو کوئی شرارہ ہوا

لہو کا قطرہ تھا وہ بھی جو اپنی گردش میں

کہیں چراغ بنا اور کہیں ستارہ ہوا

ترے جمال کا سودا تو کر لیا لیکن

کبھی نگاہ کبھی جان کا خسارہ ہوا

نفس نفس تری ہمسائیگی ملی مجھ کو

میں تیرا پردہ ہوا تو مرا نظارہ ہوا

یہ اسکول یہ میرے خوابوں کی جنت (نظم)

یہ اسکول یہ میرے خوابوں کی جنت

یہ ودیا کا ساگر کتابوں کی جنت

یہاں بدھمانی کے سوتے رواں ہیں

یہاں کی زمیں پر نئے آسماں ہیں

وہ سب پھول کھلتے ہیں جو اس چمن میں

مہکتے ہیں کھلتے ہی سارے وطن میں

اندھیرا نہیں ہے یہاں روشنی ہے

یہاں ہر طرف زندگی زندگی ہے

یہاں کوئی ہنگامہ ہے اور نہ ڈر ہے

یہی ایکتا اور محبت کا گھر ہے

سفر اپنا جاری ہے بس اس یقیں سے

اٹھے گا نیا ایک بھارت یہیں سے

وہ بھارت کہ جس میں سبھی ایک ہوں گے

وہ اپنے ہوں یا اجنبی ایک ہوں گے

نہ کوئی کسی سے بھی نفرت کرے گا

ہر انساں سے انساں محبت کرے گا

چلو آج مل جل کے مانگیں دعائیں

چلیں پھر یہاں ایکتا کی ہوائیں

پھر اپنے وطن کو ہم ایسا بنا دیں

کہ دنیا میں دنیا کو جنت دکھا دیں

مزید غزلیں از خورشید افسر بسوانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں