خمار قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زیست کا اک گناہ کر سکے نہ ہم (غزل)
زیست کا اک گناہ کر سکے نہ ہم
سانس کے واسطے بھی مر سکے نہ ہم
جانے کس وہم نے قدم پکڑ لئے
اوس کی دھند سے گزر سکے نہ ہم
شہر کی وہ گلی سکوت پا گئی
چار چھ دن سے جو گزر سکے نہ ہم
گنجلک خواب کا مآل دیکھتے
نیند کے غار میں اتر سکے نہ ہم
اس طرف بھی کشادہ ہاتھ تھے خمارؔ
دشت میں جس طرف بکھر سکے نہ ہم
قیمت نہیں رکھی قد و قامت نہیں رکھا (غزل)
قیمت نہیں رکھی قد و قامت نہیں رکھا
ہم نے تو کوئی کار سیاست نہیں رکھا
اب معجزہ ہونے سے رہا تیرے بدن سے
ہم نے بھی مگر شوق رفاقت نہیں رکھا
کھل کر مرے بارے میں تری رائے نہیں تھی
تو نے ہی گلہ حسب روایت نہیں رکھا
آنکھوں کی طرح چھت بھی ٹپکتی رہی شب بھر
بارش نے مرا گھر بھی سلامت نہیں رکھا
کس نے ہمیں آوارگیٔ شہر عطا کی
کس نے ہمیں مصروف عبادت نہیں رکھا
اب خون پسینے کی کمائی نہیں ملتی
کیوں رزق مرا حسب لیاقت نہیں رکھا
خون کے رشتوں میں پھلتی پھولتی سنگیں ہوا (نظم)
خون کے رشتوں میں پھلتی پھولتی سنگیں ہوا
میری اپنی رائے ہے
دور کو نزدیک لائے کھینچ کر
اور قربت میں جو حائل بے سبب
اس طرح گردش کرے دن رات
ماہ و سال میں
جس طرح ہو خون زندہ جسم میں
شام کی دھندلی فضا ہو یا کہ صبح نو کا نور
درمیاں ہے کار فرما
مجھ سے مایوس حقیقت کے لیے
کون سا اب تیر چھوڑے گی کمان وقت سے
منتظر ہوں منتظر ہوں
منتظر اپنے ہر اک انجام کا