خرم آفاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بڑی مشکل سے نیچے بیٹھتے ہیں (غزل)
بڑی مشکل سے نیچے بیٹھتے ہیں
جو تیرے ساتھ اٹھتے بیٹھتے ہیں
اکیلے بیٹھنا ہوگا کسی کو
اگر ہم تم اکٹھے بیٹھتے ہیں
اور اب اٹھنا پڑا نا اگلی صف سے
کہا بھی تھا کہ پیچھے بیٹھتے ہیں
یہیں پر سلسلہ موقوف کر دو
زیادہ تجربے لے بیٹھتے ہیں
نگاہیں کیوں نہ ٹھہریں اس پہ آفاقؔ
شجر پر ہی پرندے بیٹھتے ہیں
کوشش کے باوجود بھی ساکن نہیں رہا (غزل)
کوشش کے باوجود بھی ساکن نہیں رہا
کچھ دن میں سامنے رہا کچھ دن نہیں رہا
پہلے یہ ربط میری ضرورت بناؤ گے
اور پھر کہو گے رابطہ ممکن نہیں رہا
ہم ایک واردات سے تھوڑے ہی دور ہیں
وہ ہاتھ لگ گیا ہے مگر چھن نہیں رہا
اسکول کے دنوں سے مجھے جانتے ہو تم
میں آج تک سوال کیے بن نہیں رہا
اک رات اس نے چند ستارے بجھا دیے
اس کو لگا تھا کوئی انہیں گن نہیں رہا
مزید غزلیں از خرم آفاق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں