خمار میرزادہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس ایک ڈر میں کہ آخر کو ٹوٹ جائے گا (غزل)
اس ایک ڈر میں کہ آخر کو ٹوٹ جائے گا
یہ آئنہ مرے ہاتھوں سے چھوٹ جائے گا
میں توڑ سکتا ہوں پل میں سکوت سنگ نسب
مگر یہ دھیان کہ اک شخص روٹھ جائے گا
ضرور بجھ کے رہے گا رخ سفر طلبی
یہ آبلہ ہے تو اک روز پھوٹ جائے گا
یقین تھا کہ کوئی سانحہ گزرنا ہے
گماں نہ تھا کہ ترا ساتھ چھوٹ جائے گا
ہم ایک عہد ابد یاب کا کھرا سچ ہیں
ہمارے ساتھ ہمارا یہ جھوٹ جائے گا
کہاں سنبھلتے ہیں بہتے ہوئے بہاؤ میں لوگ (غزل)
کہاں سنبھلتے ہیں بہتے ہوئے بہاؤ میں لوگ
مگر جو زخم اٹھائیں گے اس چناؤ میں لوگ
تمہارے نیم تبسم سے صاف ظاہر ہے
ہم ایسے مار دیے جائیں رکھ رکھاؤ میں لوگ
یہ میرے حق میں لگاتار بولتے ہوئے اب
کسی نتیجے پہ پہنچے ترے دباؤ میں لوگ
دہک رہا ہے ابھی سے رخ زیاں کاری
سفر کا جائزہ لیں گے کسی پڑاؤ میں لوگ
کہانی جب کہیں دھندلا کے نقش کھونے لگے
سراپا دیکھ لیا کرتے ہیں الاؤ میں لوگ
تو اپنے وقت کا یوسف ہے اور سر بازار
تجھے گنوا ہی نہ دیں ایسے بھاؤ تاؤ میں لوگ
وبا کے دنوں میں محبت سلیقہ شعاری سکھاتی ہے (نظم)
وبا کے دنوں میں محبت سلیقہ شعاری سکھاتی ہے
باتوں میں اک تازگی کی گھلاوٹ
ہنسی میں چھپا اجتماعی تأسف دکھاتی ہے
ہم بات کرنے کے موضوع پوروں پہ گنتے ہیں
چہروں پہ پھیلے ہوئے ماسک ہم کم نماؤں میں خود اعتمادی بڑھاتے ہیں
ہم اپنے ہاتھوں پہ دستانے کھینچے کسی لمس کی یاد میں تمتماتے ہیں
بستر کی گرمی سے لپٹے ہوئے خود کو محفوظ کہتے ہیں
خوابوں کی ویکسین سے دل تسلی کا سامان کرتے ہوئے
اک محبت کے دونوں کنارے ملاتے ہیں
لیکن بہلتے نہیں ہیں
وبا کے دنوں میں ہم اپنے گھروں سے نکلتے نہیں ہیں