خمار دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
احباب میرے سارے کے سارے بدل گئے (غزل)
احباب میرے سارے کے سارے بدل گئے
نگہ کرم کے جب سے اشارے بدل گئے
حسرت ہے دیکھنے کی نہ جلوؤں میں دل کشی
نظریں بدل گئیں کہ نظارے بدل گئے
کاندھوں پہ ذمہ داریاں جس دن سے آ گئیں
تب سے تمام شوق ہمارے بدل گئے
دست دراز ہم نے کیا مانگی بھیک تک
لیکن وفا سے دوست ہمارے بدل گئے
تقدیر ہم پہ ہونے ہی والی تھی مہرباں
پھر یوں ہوا نصیب کے تارے بدل گئے
جس روز تیرے آنے کی لائی خبر ہوا
اس روز گل کدے میں شرارے بدل گئے
بدلا خمارؔ وقت ہمارا تو دفعتاً
محسن تمام بدلے سہارے بدل گئے
قفس کی تیلیاں ہیں اور میں ہوں (غزل)
قفس کی تیلیاں ہیں اور میں ہوں
وطن سے دوریاں ہیں اور میں ہوں
وہی پہلے کے جیسی بے قراری
وہی بے خوابیاں ہیں اور میں ہوں
مقید عہد ماضی کے کھنڈر میں
مری خوش فہمیاں ہیں اور میں ہوں
نہ جگنو ہے نہ ہے کوئی ستارا
عجب تاریکیاں ہیں اور میں ہوں
مری تاریک راتوں کے مشاہد
جھروکے کھڑکیاں ہیں اور میں ہوں
مرے گھر میں برائے ہم نوائی
مری تنہائیاں ہیں اور میں ہوں
وہی ناسازیٔ قسمت کی مجھ پر
کرم فرمائیاں ہیں اور میں ہوں
نہ بدلا ہے نہ بدلے گا یہ لہجہ
وہی بے باکیاں ہیں اور میں ہوں
وہی حالات سے جہد مسلسل
وہی ناکامیاں ہیں اور میں ہوں