پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خبیب تابش کی غزلیں — Khubaib Tabish Ghazals

خبیب تابش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کتاب زندگی کا ہر ورق عنوان رکھتا ہے (غزل)

کتاب زندگی کا ہر ورق عنوان رکھتا ہے

ہمارے سامنے جیسے خدا فرمان رکھتا ہے

بچا کر دامن ایماں رواں ہو جانب منزل

یہ بازار جہاں تو حشر کا سامان رکھتا ہے

گھٹاؤں نے مقید کر لیا سورج کی کرنوں کو

یا یہ سورج ردائے مصلحت خود تان رکھتا ہے

جبین شوق پہ مرد قلندر کی شکن کیوں ہو

اسے کیا غم کہ جس کو دوست خود رحمان رکھتا ہے

مسافت چند میلوں کی تھکا دیتی ہے جسموں کو

ملے منزل اسے جو حوصلہ ہر آن رکھتا ہے

وہی جس کا کہ نشتر بھی یہاں بس مثل خنجر ہے

اسے شکوہ ہے کیوں نشتر اگر ایران رکھتا ہے

بنائے حضرت انساں نے اس دیں کے کئی مدفن (غزل)

بنائے حضرت انساں نے اس دیں کے کئی مدفن

ملی منکر کو آزادی لگے معروف پر قدغن

ہوئے ہیں منبر و محراب ہی تفریق کے مرکز

زبانوں نے پہن رکھی ہے خستہ حال سی اترن

ملوکیت عبارت خون سے آہوں سے اشکوں سے

حکومت کے اندھیروں کو خلافت ہی کرے روشن

تجھے تھا فخر کہ شعلوں پہ تیری حکمرانی ہے

مگر یہ دیکھ چنگاری جلاتی ہے ترا خرمن

ان ارباب حکومت کا کوئی رشتہ ہے قاتل سے

وطن سے جب وہ نکلے کوچۂ قاتل بنا مسکن

خوشی تھی ان کو یہ افتاد ان پر تو نہیں گزری

ہٹی چلمن تو پائی ہے وہی آندھی لب روزن

یہی ہے منہج نبوی یہی کار نبوت ہے

کہ انساں کی غلامی سے رہے آزاد ہر گردن

امیدیں جستجو خواب و تمنا کی حقیقت کیا

اگر تو بے عمل بے حوصلہ پھر یہ بھی سر افگن

اے تابشؔ تو نفاذ حکم ربانی اگر چاہے

تو ہو آغاز حکما سے طریقہ ہے یہی احسن

مزید غزلیں از خبیب تابش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں