پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خضر ناگپوری کی غزلیں — Khizr Nagpuri Ghazals

خضر ناگپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا عشق مجازی نے حقیقت آشنا مجھ کو (غزل)

کیا عشق مجازی نے حقیقت آشنا مجھ کو

بتوں نے ظلم وہ ڈھایا کہ یاد آیا خدا مجھ کو

دعا جب دل نے کی کر دے خدا بے مدعا مجھ کو

دعائے بے اثر نے ہاتھ اٹھا کر دی دعا مجھ کو

نہ رکھنا تھا کہیں کا بھی نہ رکھا ذوق ہستی نے

تماشا کرنا تھا آخر تماشا کر دیا مجھ کو

نہ مجھ سے کام دنیا کو نہ میرے کام کی دنیا

دل ناکام تو نے رکھا یہ کس کام کا مجھ کو

بہت کرتا ہے واعظ گفتگو جنت کی دوزخ کی

کہاں پہنچاتا ہے دیکھوں تو یہ پہنچا ہوا مجھ کو

عذاب زندگی آخر عذاب آخرت نکلا

ہزاروں بار مر مر کے یہاں جینا پڑا مجھ کو

فضا ہمت شکن ہے خضرؔ تو دل حوصلہ افزا

بتائیں گے کہاں تک اہل فن بھی راستہ مجھ کو

سینوں میں انا الحق کی چبھن دیکھ رہا ہوں (غزل)

سینوں میں انا الحق کی چبھن دیکھ رہا ہوں

اک سلسلۂ دار و رسن دیکھ رہا ہوں

پھر آئی نہ ہو شامت اعمال کسی کی

پھر وقت کے ماتھے پہ شکن دیکھ رہا ہوں

تھوڑی سی بھی دنیا میں شرافت نہیں باقی

مدت سے زمانے کا چلن دیکھ رہا ہوں

رہنے دو یہ سب جھوٹی محبت کے تماشے

کس کو ہے یہاں کس کی لگن دیکھ رہا ہوں

پردا نہیں دنیا میں کسی کو بھی کسی کی

ہر شخص کو اپنے ہی مگن دیکھ رہا ہوں

اک آگ لگا دی مری رنگینیٔ دل نے

میں داغ محبت کی جلن دیکھ رہا ہوں

تقریر کے انداز تمہیں خضرؔ مبارک

کس سمت کو ہے روئے سخن دیکھ رہا ہوں

مزید غزلیں از خضر ناگپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں