خضر برنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک نئی صبح کا آغاز ہے انجام کے بعد (غزل)
اک نئی صبح کا آغاز ہے انجام کے بعد
پھر وہی سلسلۂ عشق ہے الزام کے بعد
جانے کیا ہوگا مری سعیٔ طلب کا حاصل
ذہن میں کچھ نہیں محفوظ ترے نام کے بعد
صحن گلشن میں بہاروں کا نشاں تک بھی نہیں
خاک اڑتی ہے فقط گردش ایام کے بعد
صبح سے کرب و اذیت کا یہ عالم توبہ
درد کچھ اور سوا ہوتا ہے ہر شام کے بعد
اس سے پہلے تو ہر اک عزم و عمل ہے بے سود
قلب مضطر کو سکوں ملتا ہے آلام کے بعد
اس نے کچھ اور خطابات دیئے ہیں خط میں
ساتھ وحشی بھی لکھا ہے مجھے بدنام کے بعد
میری جانب بھی خضر بزم عدو میں اک دن
اس کی مخصوص نظر تھی نگہ عام کے بعد
جفا کے بعد ہوا ہے مگر ملال تو ہے (غزل)
جفا کے بعد ہوا ہے مگر ملال تو ہے
خوشا نصیب انہیں پھر مرا خیال تو ہے
عدو کی بزم طرب میں شریک کیا ہوتے
مزاج دوست میں اب تک بھی اشتعال تو ہے
زباں پہ حرف و حکایات کیا ضروری ہیں
گریباں چاک دکھانا ہی عرض حال تو ہے
کسی کی راہ محبت میں گامزن ہونا
حیات کا یہی زرین اک مآل تو ہے
جنون شوق کی تکمیل ہو نہ ہو پھر بھی
کسی کے پیش نظر عشق کا سوال تو ہے
نظر میں پیار اشاروں میں دل کی بات کا عکس
زباں پہ ظاہری اک ان کی قیل و قال تو ہے
تصورات میں کوئی سما رہا ہے خضرؔ
قرار پھر نہ سہی عزم نیک فال تو ہے