پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خضر عباس کی غزلیں — Khizr Abbas Ghazals

خضر عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ جہان رنگ و بو اپنی جگہ (غزل)

یہ جہان رنگ و بو اپنی جگہ

اور تجھ سے گفتگو اپنی جگہ

تیری نسبت سے لگی باد صبا

شہر تیرے چلتی لو اپنی جگہ

کس طرح دے دوں فضیلت ایک کو

عشق میرا اور تو اپنی جگہ

ہے مری خواہش کہ تو ہنستا رہے

زخم میرے بے رفو اپنی جگہ

ہیں بہت کافر ترے ناز و ادا

آنکھ میری با وضو اپنی جگہ

ہر جگہ تو خود نہیں اے رشک ماہ

حسن تیرا چار سو اپنی جگہ

مسکراہٹ سے تری مہکا چمن

سب کھلے پھولوں کی بو اپنی جگہ

عشق کو بخشی ہے کتنی آبرو

قیس خود بے آبرو اپنی جگہ

تیری چاہت کا بھی ہے اپنا مقام

اور خود کی جستجو اپنی جگہ

خاک میں میں مل گیا تیرے لئے

وہ مرا جذب نمو اپنی جگہ

ہر طرف سائے ہی سائے تھے خضرؔ

پر ترے سائے کی خو اپنی جگہ

یہ حادثہ بھی دیکھ جو مجھ پہ گزر گیا (غزل)

یہ حادثہ بھی دیکھ جو مجھ پہ گزر گیا

فصل بہار آئی تو دل کا شجر گیا

ایسا ہوا ستم کہ کہیں کے نہیں رہے

ایسا ہوا کرم کہ محبت کا ڈر گیا

گر دیکھنا ہے معجزہ پرواز کا تجھے

اس کو فضا میں دیکھ جو بے بال و پر گیا

ماتم کروں نہ کس لئے میں ایسے شخص کا

منزل تو مل گئی جسے ذوق سفر گیا

ابھرے بغیر چاند بھی اب کے ہوا غروب

یعنی نشہ چڑھا بھی نہیں اور اتر گیا

پیاسے کے پاس کب بھلا پانی گیا کبھی

بادل یہ کہہ کے پیاسے کے سر سے گزر گیا

اب موت کا بھی کوئی تقاضا نہ ہو خضرؔ

ہر شخص زندگی کے تقاضوں سے مر گیا

مزید غزلیں از خضر عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں