خضر سلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو دل میں ہے وہی کاغذ پہ لاتا ہوں (غزل)
جو دل میں ہے وہی کاغذ پہ لاتا ہوں
کہاں دنیا سے میں کچھ بھی چھپاتا ہوں
میں شاعر ہوں مرا بس کام اتنا ہے
ہمیشہ سونے والوں کو جگاتا ہوں
خدا نے دی جنہیں عزت معزز ہیں
مگر میں سر نہیں نظریں جھکاتا ہوں
گزر کر باپ کی چوکھٹ وہ مر جائیں
تمہیں میں بیٹیوں کا دکھ بتاتا ہوں
جو پوچھے رستہ جنت کا کوئی مجھ سے
پتہ میں ماں کے قدموں کا بتاتا ہوں
یقیں سچ کا کسی کو جب دلانا ہو
قسم رب کی تری قسمیں اٹھاتا ہوں
خضرؔ تب سوکھنے لگتے ہیں دریا بھی
کہانی جب کہیں اپنی سناتا ہوں
اب فاصلوں کے بڑھتے عذابوں میں آؤں گا (غزل)
اب فاصلوں کے بڑھتے عذابوں میں آؤں گا
کس نے کہا کہ میں ترے خوابوں میں آؤں گا
لا مت کسی شمار میں مجھ بے شمار کو
میں کیا بھلا کسی کے حسابوں میں آؤں گا
بھولا نہیں اگر تری یادوں کی تلخیاں
اک روز میں بھی غم کی طنابوں میں آؤں گا
ہوتے رہیں گے میری محبت پہ تبصرے
میں شاعری کروں گا نصابوں میں آؤں گا
جھوٹا ہوں گر تو سچ کی ردا اوڑھ کر خضرؔ
تاریخ کی نصابی کتابوں میں آؤں گا