خان رضوان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی کا سفر طے تو کرتے رہے (غزل)
زندگی کا سفر طے تو کرتے رہے
رات کٹتی رہی دن گزرتے رہے
اک تصور ترا ذہن میں ہم لیے
شاہ راہ جہاں سے گزرتے رہے
اپنی آوارگی کا پتا ہے کسے
زخم کھاتے رہے اور سنورتے رہے
شام آئی نہا کر ترے حسن میں
چاند تارے فلک پر نکھرتے رہے
اپنا مطلوب و مقصود اب کچھ نہیں
خواب بنتے رہے اور بکھرتے رہے
گاؤں کو چھوڑ کے ہم شہر کمانے آئے (غزل)
گاؤں کو چھوڑ کے ہم شہر کمانے آئے
اب یہ احساس ہوا جان گنوانے آئے
اب تو ہر لمحہ یہ احساس ہوا کرتا ہے
کاش پھر کوئی ہمیں گھر سے بلانے آئے
میرے مالک مرے مولا اے مرے رب کریم
در بہ در ہو کے تجھے زخم دکھا نے آئے
درد جاں سے جو ہوئے آج پریشان تو ہم
تیری محفل میں تجھے حال سنانے آئے
آ کے چو رستے پہ ہم بیٹھ گئے ہیں رضواںؔ
راہبر کوئی ہمیں راہ دکھانے آئے
شام پھر تیرے تصور سے (نظم)
شام پھر تیرے تصور سے
مہک اٹھی ہے
رات ہونے کو ہے
سلسلے
خوابوں کے
باقی ہیں
ابھی آنکھوں میں
رات کے پچھلے پہر
مجھ کو تری یادوں نے
بستر خواب سے
بیدار کیا
اور احساس ہوا بے سر و سامانی کا
سوچتا ہوں کہ مرے پاس
زندہ رہنے کے ہیں سامان بہت
مگر تیری کمی
کھلتی رہتی ہے صدا
ایک بے نام تصور کی طرح