خنجر اجمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دیا ہے دل تمہیں اپنا سمجھ کر (غزل)
دیا ہے دل تمہیں اپنا سمجھ کر
امانت ہے اسے رکھنا سمجھ کر
چڑھائی تیغ ابرو کیا سمجھ کر
ہم آئے قتل کی ایما سمجھ کر
نہ بل کھائے کہیں دست نزاکت
الٹیے گا ذرا پردا سمجھ کر
شراب شوق سے ساقئ مدہوش
ہمارے زخم کو بھرنا سمجھ کر
مجھے محراب ابرو بس ہے تیری
کروں سجدہ تجھے کعبہ سمجھ کر
نہیں مطلب ہمیں دیر و حرم سے
جہاں جاتے ہیں گھر تیرا سمجھ کر
چمن میں چہچہا اب شاخ گل پر
تو کرنا بلبل شیدا سمجھ کر
ہر اک کوچے میں میرے واسطے طفل
لیے پتھر ہیں دیوانا سمجھ کر
مہ گردوں پہ شب کو چاندنی میں
نظر کرتا ہوں رخ تیرا سمجھ کر
گلے پر قاتل بے رحم میرے
چلایا تو نے خنجرؔ کیا سمجھ کر
زلف سلجھائی ان کی شانے سے (غزل)
زلف سلجھائی ان کی شانے سے
مجھ سے بگڑے اسی بہانے سے
دل ہی قابو سے میرے جاتا ہے
باز آیا میں دل لگانے سے
لکھا تقدیر کا ارے ناداں
کہیں مٹتا بھی ہے مٹانے سے
مل گئے دل کو داغ ہائے درم
خسرو عشق کے خزانے سے
شب کو محفل میں دیکھ کر مجھ کو
اٹھ گیا نیند کے بہانے سے
کیا ملے گا فلک تجھے بتلا
بیکسوں کے ارے ستانے سے
دیکھ کر رات دن کی نیرنگی
آ گیا تنگ میں زمانے سے
در بدر پھرتے کس لئے لیکن
سب ہیں ناچار آب و دانے سے
اپنے قاتل کے روبرو خنجرؔ
موڑنا منہ نہ سر جھکانے سے