خان محمد خلیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھریں گی یہ کھلے سر دیکھ لینا (غزل)
پھریں گی یہ کھلے سر دیکھ لینا
مرادوں کا مقدر دیکھ لینا
اسے لکھوں تو کم پڑنے لگے گا
یہ سوچوں کا سمندر دیکھ لینا
جو رستے میں لٹے ان کی طرف بھی
سر منزل پہنچ کر دیکھ لینا
بدن شیشے کا بنوانے سے پہلے
مرے ہاتھوں کے پتھر دیکھ لینا
تم اپنی آستیں گر دھو بھی لو گے
پکار اٹھے گا خنجر دیکھ لینا
مرا کعبہ گرانے جب بھی نکلو
ابابیلوں کے تیور دیکھ لینا
سلگتی رت تھی پہ کب تو بھی پاس ایسا تھا (غزل)
سلگتی رت تھی پہ کب تو بھی پاس ایسا تھا
کہ تیرے قرب کا منظر بھی پیاس ایسا تھا
بچھڑ کے تجھ سے تو خود سے بھی شرم آتی ہے
ترا وجود بدن پر لباس ایسا تھا
خود اپنے دل کی صدا تیری دستکوں سی لگی
گماں میں تھا تیرا آنا قیاس ایسا تھا
شکست و ریخت کی سختی کو کیسے جھیل گیا
ملائمت میں جو پیکر کپاس ایسا تھا
جہاں کہیں بھی گیا ہوں تو گھر کو لوٹ آیا
اداسیوں کا یہ ماحول راس ایسا تھا
فصیل شہر گری اور غنیم کے ڈر سے
کوئی نہ چین سے سویا ہراس ایسا تھا
پڑھیں تو خود کو زمیں بوس پائیں کج دستار
مری کتاب میں اک اقتباس ایسا تھا
نمک کے صحرا میں اپنی پلکوں سے (نظم)
نمک کے صحرا میں اپنی پلکوں سے
ٹکڑے ٹکڑے یہ خواب چن لوں
تو تجھ کو دیکھوں
شکستہ ہاتھوں سے حسرتوں کے عذاب چن لوں
جو تجھ کو دیکھوں تو جان پاؤں
کہ اس صف دوستاں میں تیرا مقام کیا ہے
نقیب جاں تو کہاں کھڑا ہے
وہ صف کہ جس نے محبتوں کے گلاب پہنے
عظیم چاہت کے سرخ لمحوں کی حدتوں سے بدن سجائے
فقط ترا جسم ہی نہیں جلوہ زن مری جاں
بلکہ سارا جہاں کھڑا ہے