پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خلش کلکتوی کی غزلیں — Khalish Kalkatvi Ghazals

خلش کلکتوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھوک سے بچے بلکتے ہیں نہ جانے کتنے (غزل)

بھوک سے بچے بلکتے ہیں نہ جانے کتنے

اور پانی میں بہا دیتے ہیں دانے کتنے

اک تمنا کا ہوا خون تو کیا غم اے دوست

دفن ہیں سینے میں ارمان نہ جانے کتنے

کبھی اوروں کی کبھی اپنی حماقت کے طفیل

ہاتھ آتے رہے ہنسنے کے بہانے کتنے

زندگی ایک حقیقت بھی ہے افسانہ بھی

ہر گلی کوچے میں بکھرے ہیں فسانے کتنے

اک گل تازہ کی تخلیق میں اے گلچینو

جانے قدرت نے لٹائے ہیں خزانے کتنے

میری روداد کو سب اپنا فسانہ سمجھے

اک فسانے میں ہیں پوشیدہ فسانے کتنے

حوصلہ بخشا ہے جینے کا انہی خوابوں نے

ہم نے دیکھے ہیں خلشؔ خواب سہانے کتنے

ہے دھوپ‌ چھاؤں کی مانند زندگی میری (غزل)

ہے دھوپ‌ چھاؤں کی مانند زندگی میری

ثبات غم کو نہیں عارضی خوشی میری

اسی کو اب مری ہر بات زہر لگتی ہے

کبھی پسند نہ تھی جس کو خامشی میری

تری نظر کا سہارا بڑا سہارا تھا

جہاں میں کر نہ سکا کوئی ہمسری میری

کبھی گناہ کبھی حسرت گناہ کا غم

تمام کرب مسلسل ہے زندگی میری

میں دل کا حال اسی کو سناتا رہتا ہوں

چھپی نہ جس سے کوئی بات ان کہی میری

میں مثل کرمک شب تاب جلتا رہتا ہوں

کسی کے کام تو آئے گی روشنی میری

جو میرے خدشۂ فردا پہ خندہ زن ہیں خلشؔ

مری دعا ہے ملے ان کو آ گئی میری

مزید غزلیں از خلش کلکتوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں