پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خلش دہلوی کی غزلیں — Khalish Dehlvi Ghazals

خلش دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر قدم گر کے سنبھلنا ہوگا (غزل)

ہر قدم گر کے سنبھلنا ہوگا

جانے کتنا ابھی چلنا ہوگا

کسی پیکر میں اگر ڈھلتا ہے

موم کی طرح پگھلنا ہوگا

سامنے جب کوئی منزل ہی نہیں

راستہ روز بدلنا ہوگا

اپنی شہرت کے لیے خوشبو کو

صحن‌ گلشن سے نکلنا ہوگا

عشق کی آگ میں تا عمر خلش

دل بے تاب کو چلنا ہوگا

کتنے دن بعد پھر آج ان سے ملاقات ہوئی (غزل)

کتنے دن بعد پھر آج ان سے ملاقات ہوئی

رک گیا وقت درخشندہ مری رات ہوئی

پھر نگاہوں نے نگاہوں سے سنا قصۂ شوق

پھر اشاروں ہی اشاروں میں ہر اک بات ہوئی

چلتے چلتے انہیں دیکھا تھا سر راہ کہیں

آرزو ان کی اسی دن سے مرے سات ہوئی

کون کہتا ہے میں صحرا میں ہوں میں تشنہ ہوں

خون دل روز بہا روز ہی برسات ہوئی

در مے خانہ پہ آسودۂ راحت ہوں خلشؔ

ختم اب میرے لیے گردش حالات ہوئی

ایک صحرا آسمان سے وسیع (نظم)

ایک صحرا آسمان سے وسیع

ایک سمندر

اس وشال سمندر میں

ایک ہاتھ لرزتا ہوا ریت کے چند ذروں کو

مٹھی میں دبائے

ایک چہرہ

زرد پژمردہ کمہلایا ہوا

سسکتا رہا روتا رہا

الجھا ہوا خوفناک ماضی کی یادوں میں

جال بنتا رہا

ذہن میں

فاصلے دوڑتے رہے

سمٹتے رہے

پگھلتے رہے

اور اسی کشمکش میں

ایک سفینہ ڈوب گیا

مزید غزلیں از خلش دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں