پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خلش بڑودوی کی غزلیں — Khalish Barodvi Ghazals

خلش بڑودوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تھک گئے ہم رسن و دار تک آتے آتے (غزل)

تھک گئے ہم رسن و دار تک آتے آتے

مٹ گئے عشق کے معیار تک آتے آتے

راہ کے پیچ مقدر کی برائی غم زیست

مر نہ جائیں گے ترے پیار تک آتے آتے

اور بھی چند مقامات طلب گزرے ہیں

دار سے منزل دلدار تک آتے آتے

وہ بڑھے ہی تھے مری سمت کہ پھر رک سے گئے

رہ گیا دامن گل خار تک آتے آتے

ہائے دنیا کا چلن ہائے زمانے کی روش

غم ملے کتنے غم یار تک آتے آتے

وہ مضامین جو انساں کا لہو گرما دیں

رک گئے ہیں مرے اشعار تک آتے آتے

کتنے ہاتھوں نے خلشؔ کھوئی ہے طاقت اپنی

وقت کے گیسوئے خم دار تک آتے آتے

حوصلہ دے دے کے اونچا میرا سر اس نے کیا (غزل)

حوصلہ دے دے کے اونچا میرا سر اس نے کیا

ظلم کے آگے مجھے سینہ سپر اس نے کیا

پیار سے سب دشمنوں کے دل میں گھر اس نے کیا

دوستی کا معرکہ اس طرح سر اس نے کیا

جن کو پینے کا سلیقہ تھا نہ جینے کا شعور

بند ان لوگوں پہ میخانے کا در اس نے کیا

پہلے تو دیوار اٹھائی شہر کے چاروں طرف

پھر اسی دیوار میں اک روز در اس نے کیا

پہلے اپنا غم تھا پر اس کا تھا اب دنیا کا ہے

دھیرے دھیرے ایک پودے کو شجر اس نے کیا

کون سی شے تھی جو اس دھرتی کے دامن میں نہ تھی

پھر نہ جانے کیوں خلاؤں کا سفر اس نے کیا

جو خلشؔ واقف نہ تھے شعر و سخن کے نام سے

عام ان لوگوں پہ غالبؔ کا ہنر اس نے کیا

مزید غزلیں از خلش بڑودوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں