پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالق حسین پردیسی کی غزلیں — Khaliq Husain Pardesi Ghazals

خالق حسین پردیسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک حسن سراپا ہے میرے یار غزل میں (غزل)

اک حسن سراپا ہے میرے یار غزل میں

عاشق نہ کرے کیوں ترا دیدار غزل میں

انکار میں مخمور نگاہوں کا اثر ہے

ہر شعر نظر آتا ہے سرشار غزل میں

اب میرے تصور میں نہیں کوئی اندھیرا

بکھرے ہیں ترے حسن کے انوار غزل میں

اشعار میں اب صرف سیاست کی ہی باتیں

کم ہو گیا ذکر لب و رخسار غزل میں

رسوا کوئی ہو جائے گا پردیسیؔ سمجھ لے

اچھا نہیں یوں عشق کا اظہار غزل میں

اس کے لئے تو کوئی بنی ہی سزا نہیں (غزل)

اس کے لئے تو کوئی بنی ہی سزا نہیں

ساری خطائیں میری ہیں اس کی خطا نہیں

حالات دل خراش نے لب اس کے سی دئے

منصف ہمارے شہر کا کچھ بولتا نہیں

کس نے چمن میں کاٹی ہے امن و اماں کی شاخ

دہشت سے ایک پتا بھی اب ڈولتا نہیں

دنیا فقط ہماری ہنسی دیکھتی رہی

لیکن ہمارے غم سے کوئی آشنا نہیں

سنتے ہی ذکر میرا وہ بولے رقیب سے

پردیسیؔ آدمی ہے کوئی دیوتا نہیں

مزید غزلیں از خالق حسین پردیسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں