پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالق عبداللہ کی غزلیں — Khaliq Abdullah Ghazals

خالق عبداللہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو فرشتوں میں ہے رسوا میں گنہ گاروں کے بیچ (غزل)

تو فرشتوں میں ہے رسوا میں گنہ گاروں کے بیچ

دونوں ہی بہتے ہیں لیکن مختلف دھاروں کے بیچ

کوئی سورج بھی نہیں چمکا سکا اب تک جسے

میں ہوں اک ایسا ہی منظر چند سیاروں کے بیچ

سبزہ زار زندگی میں ڈھونڈھتا ہے کیوں مجھے

میں بھٹکتا پھر رہا ہوں زرد کہساروں کے بیچ

کتنی بیدردی سے مجھ کو روندتی ہے ایک بھیڑ

جیسے کوئی شہر ہو بے رحم تاتاروں کے بیچ

دور تک گہرے اندھیرے کے سوا کچھ بھی نہیں

وقت آ کر رک گیا ہے آج کن غاروں کے بیچ

دیکھتے ہو میں لباس سنگ میں ملبوس ہوں

کیوں لیے چلتے ہو مجھ کو برق رفتاروں کے بیچ

کون تھا میرے سوا جلتی ہوئی پوشاک میں

ایک پیکر سا نظر آتا تھا انگاروں کے بیچ

روز بہہ جاتا ہوں میں الفاظ کے سیلاب میں

اور پھر ہوتا ہوں ظاہر چند اخباروں کے بیچ

یہ خلا میں اڑنے والے یہ بلندی کے مریض

آسماں بھی گھر گیا ہے کیسے بیماروں کے بیچ

دھجی دھجی ہو رہا تھا ماہتاب نیم شب

ٹکڑے ٹکڑے ہو رہی تھی رات کہساروں کے بیچ

جنوں والوں سے ہرگز دشت پیمائی نہ جائے گی (غزل)

جنوں والوں سے ہرگز دشت پیمائی نہ جائے گی

ہزاروں شہر رکھ دو ان کی تنہائی نہ جائے گی

ہمیشہ پیار کا بادل ہی بن کر میں تو برسا ہوں

فضا جو بھی ہو مجھ سے آگ برسائی نہ جائے گی

تمہیں جانا ہے جاؤ توڑ دو سب پیار کے رشتے

تمھارے ساتھ تو اس گھر کی انگنائی نہ جائے گی

پرندوں کو فضا میں روک لیں گے روکنے والے

عقابوں کو مگر زنجیر پہنائی نہ جائے گی

میں بوسہ ریت کا لے کر ہوا ہوں پھر تر و تازہ

مرے چہرے سے ہرگز اب یہ رعنائی نہ جائے گی

ارے ویرانیو جاؤ ٹھکانا اور ہی ڈھونڈو

یہ وہ آنکھیں ہیں جن کی خواب آرائی نہ جائے گی

کسی کی یاد کی ہے چاندنی چھٹکی ہوئی گھر میں

جھٹک دو لاکھ ذہنوں سے یہ ہرجائی نہ جائے گی

جہاں پہ میں ہوں (نظم)

جہاں پہ میں ہوں

بس ایک کہرا زدہ فضا ہے

جدھر بھی دیکھو سفید چادر ٹنگی ہوئی ہے

نہیں ہے کوئی زمین ایسی کہ جس پہ میں اپنے پاؤں رکھوں

بلند و بالا پہاڑوں سے

ہزاروں پتھر لڑھک رہے ہیں

اور آندھیاں سیٹیاں بجاتی گزر رہی ہیں

قدیم بھوری پہاڑیوں سے وہ کارواں بھی تو ٹوٹ آیا

تلاش میں جو نہ جانے کس کی بہت دنوں سے بھٹک رہا تھا

وہ گرز بردار سب فرشتے بھی مر چکے ہیں

جو خیر و شر پر نگاہ رکھنے کے واسطے تھے

کوئی بھی میزان نیک و بد کی نہیں ہے قائم

یہاں اب اپنے قیام کی کوئی ساعت معتبر نہیں ہے

اٹھاؤ ساحل سے کشتیوں کو

بہاؤ کا وقت ہو گیا ہے

مزید غزلیں از خالق عبداللہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں