خلیل الرحمان قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم نے بکنا ہے تو بیوپار بھی ہو سکتا ہے (غزل)
تم نے بکنا ہے تو بیوپار بھی ہو سکتا ہے
چاہنے والا خریدار بھی ہو سکتا ہے
اپنے دشمن کو ابھی شک کی نگاہوں سے نہ دیکھ
تیرا قاتل تو ترا یار بھی ہو سکتا ہے
عشق سولی ہے تو مرنے کی روایت کیسی
پیار زندہ تو سر دار بھی ہو سکتا ہے
اس کا منظور نظر کون ہے معلوم نہیں
مجھ سا کمبخت گنہگار بھی ہو سکتا ہے
مجھ سے دامن نہ چھڑا مجھ کو بچا کر رکھ لے
مجھ سے اک روز تجھے پیار بھی ہو سکتا ہے
جب کوئی پیار میں ہارا ہوگا (غزل)
جب کوئی پیار میں ہارا ہوگا
ٹوٹا ایک ستارہ ہوگا
شرک میں ملنے لگی جو معافی
تم سے عشق دوبارہ ہوگا
اس نے مڑ کر دیکھا ہے تو
پچھلا قرض اتارا ہوگا
یہ تو گھر کی بات ہے اس نے
دل کو جان سے مارا ہوگا
تیری آنکھ سمندر ہوگی
میرا ظرف کنارہ ہوگا
میں نے پیار کیا تھا لڑکی
تم نے وقت گزارا ہوگا
یاد ہے پہلے روز کہا تھا (نظم)
یاد ہے پہلے روز کہا تھا
پھر نہ کہنا غلطی دل کی
پیار سمجھ کے کرنا لڑکی
پیار نبھانا ہوتا ہے
پھر پار لگانا ہوتا ہے
ساتھ چلو تو پورے سفر تک
مر جانے کی اگلی خبر تک
سمجھو یار خدا تک ہوگا
سارا پیار وفا تک ہوگا
پھر یہ بندھن توڑ نہ جانا
چھوڑ گئے تو پھر نہ آنا
چھوڑ دیا جو تیرا نہیں ہے
چلا گیا جو میرا نہیں ہے
یا تو ٹوٹ کے پیار نہ کرنا
یا پھر پیٹھ پہ وار نہ کرنا
جب نادانی ہو جاتی ہے
نئی کہانی ہو جاتی ہے
نئی کہانی لکھ لاؤں گا
اگلے روز میں بک جاؤں گا
تیرے گل جب کھل جائیں گے
مجھ کو پیسے مل جائیں گے
بچھڑ گئے تو موج اڑانا
واپس میرے پاس نہ آنا
جب کوئی جا کر واپس آئے
روئے تڑپے یا پچھتائے
میں پھر اس کو ملتا نہیں ہوں
ساتھ دوبارہ چلتا نہیں ہوں
گم جاتا ہوں کھو جاتا ہوں
میں پتھر کا ہو جاتا ہوں