خلیل اسلم قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر لمحہ تری یاد بڑھانے کے لئے ہے (غزل)
ہر لمحہ تری یاد بڑھانے کے لئے ہے
سوئے مرے جذبوں کو جگانے کے لئے ہے
چھالوں سے مرے پاؤں کا رشتہ یہ پرانا
تپتے ہوئے صحرا کو ڈرانے کے لئے ہے
بے سود پریشاں ہیں مجھے سوچنے والے
رفتار تو خوابیدہ جگانے کے لئے ہے
تم سنگ تراشوں کو بلا کر یہاں لانا
اک تجھ سے حسیں اور بنانے کے لئے ہے
اک ہلکی جھلک اپنی دکھا کر چلے جانا
نظروں سے مری مجھ کو گرانے کے لئے ہے
یوں ہی تو نہیں چلتی ہوا تیز چمن میں
سوکھے ہوئے پتوں کو جھڑانے کے لئے ہے
ہر غم کو مرے دل نے چھپا کر یوں رکھا ہے
اسلمؔ کو یہ نظروں سے بچانے کے لئے ہے
سینے میں دم کو توڑتی خواہش کا بار تھا (غزل)
سینے میں دم کو توڑتی خواہش کا بار تھا
کیا خواب تھا کہ جس میں نہ صبر و قرار تھا
ہر حال اس کے دل میں تو پڑنے تھے آبلے
ہستی غرور کی تھی انا کا شکار تھا
اشکوں کی جا لہو ہی ٹپکتا رہا مرے
یہ چشم نم نہیں تھی یہ خنجر کا وار تھا
ہونے لگا تھا مجھ کو تو یوں وصل کا یقیں
جیسے گلاب کے قریں لازم وہ خار تھا
تا عمر قرضہ اپنا ادا کرتا ہی رہا
اسلمؔ پہ غم کا بوجھ بھی تو بے شمار تھا