پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالدہ عظمی کی غزلیں — Khalida Uzma Ghazals

خالدہ عظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آ رہا ہے مرے گمان میں کیا (غزل)

آ رہا ہے مرے گمان میں کیا

کوئی رہتا تھا اس مکان میں کیا

وہ تپش ہے کہ جل اٹھے سائے

دھوپ رکھی تھی سائبان میں کیا

اک تری دید کی تمنا ہے

اور رکھا ہے اس جہان میں کیا

کیا ہمیشہ ہی ایسا ہوتا ہے

موڑ آتا ہے درمیان میں کیا

کی مرے بعد قتل سے توبہ

آخری تیر تھا کمان میں کیا

گونگی بہری بصارتوں کے لیے

خواب لکھے تھے امتحان میں کیا

کیا سکوں کی تلاش ہے سب کو

ایک ہلچل سی ہے جہان میں کیا

ریت سی اڑ رہی ہے کیوں عظمیٰؔ

لگ گیا گھن کسی چٹان میں کیا

وہ جس کا ساتھ نبھانے کا حوصلہ نہ ہوا (غزل)

وہ جس کا ساتھ نبھانے کا حوصلہ نہ ہوا

بچھڑ گیا تو بھلانے کا حوصلہ نہ ہوا

ادھر ادھر کے سنائے ہزار افسانے

دلوں کی بات سنانے کا حوصلہ نہ ہوا

یہ اور بات کہ با حوصلہ ہوں میں پھر بھی

نئے چراغ جلانے کا حوصلہ نہ ہوا

خلیج کتنے زمانوں کی کر گیا پیدا

وہ اک قدم کہ اٹھانے کا حوصلہ نہ ہوا

کتاب ذہن کا کوئی ورق بھی سادہ نہیں

لکھے حروف مٹانے کا حوصلہ نہ ہوا

گزر گئی تھی شب ہجر ہجر میں عظمیٰؔ

چراغ پھر بھی بجھانے کا حوصلہ نہ ہوا

مزید غزلیں از خالدہ عظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں