پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خلیل دھنتیجوی کی غزلیں — Khalil Dhantejvi 1 Ghazals

خلیل دھنتیجوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب کے برس بھی قصے بنیں گے کمال کے (غزل)

اب کے برس بھی قصے بنیں گے کمال کے

پچھلا برس گیا ہے کلیجہ نکال کے

پھرتے تھے جن کے کاندھوں پہ ہم ہاتھ ڈال کے

وہ دوست ہو گئے ہیں سبھی ساٹھ سال کے

اپنی طرف سے سب کی دلیلوں کو ٹال کے

منوا لے اپنی بات کو سکہ اچھال کے

یہ خط کسی کو خون کے آنسو رلائے گا

کاغذ پہ رکھ دیا ہے کلیجہ نکال کے

مانا کہ زندگی سے بہت پیار ہے مگر

کب تک رکھو گے کانچ کا برتن سنبھال کے

اے میر کارواں مجھے مڑ کر نہ دیکھ تو

میں آ رہا ہوں پاؤں سے کانٹے نکال کے

تم کو نیا یہ سال مبارک ہو دوستو

میں زخم گن رہا ہوں ابھی پچھلے سال کے

غم کی طرح خوشی میں نہ رونا پڑے کہیں

رکھنا خلیلؔ ایک دو آنسو سنبھال کے

اب میں راشن کی قطاروں میں نظر آتا ہوں (غزل)

اب میں راشن کی قطاروں میں نظر آتا ہوں

اپنے کھیتوں سے بچھڑنے کی سزا پاتا ہوں

اتنی مہنگائی کہ بازار سے کچھ لاتا ہوں

اپنے بچوں میں اسے بانٹ کے شرماتا ہوں

مجھ کو ڈر ہے کہ ترا بھید نہ کھل جائے کہیں

میری عادت ہے کہ میں نیند میں چلاتا ہوں

زخمی نیندوں کا لہو پونچھنے کی کوشش میں

جاگتے جاگتے تھک جاتا ہوں سو جاتا ہوں

ظلم بھی مجھ پہ ہوا مجھ پہ یہ تہمت بھی لگی

میں ہی دنیا میں فسادوں کا جنم داتا ہوں

کھینچ لے جائے نہ چادر ہی سمجھ کر کوئی

میں خلیلؔ آج کفن اوڑھ کے سو جاتا ہوں

مزید غزلیں از خلیل دھنتیجوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں