پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد صدیقی کی غزلیں — Khalid Siddiqui Ghazals

خالد صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کتنے تفکرات سے آزاد ہو گیا (غزل)

کتنے تفکرات سے آزاد ہو گیا

وہ آدمی جو اینٹ پہ سر رکھ کے سو گیا

سورج ڈھلا تو طاق میں جلتا ہوا دیا

تاریکیوں سے بر سر پیکار ہو گیا

اپنی غلاظتیں تھیں کہ از راہ التفات

سیلاب شہر کے در و دیوار دھو گیا

اک دوست سے یہاں بھی ملاقات ہو گئی

رہنا یہاں بھی اب مرا دشوار ہو گیا

اک اور کھیت پکی سڑک نے نگل لیا

اک اور گاؤں شہر کی وسعت میں کھو گیا

خالدؔ مجھے تو اچھی طرح یاد بھی نہیں

وہ حادثہ جو کل مری پلکیں بھگو گیا

یہ کیسی ہجرتیں ہیں موسموں میں (غزل)

یہ کیسی ہجرتیں ہیں موسموں میں

پرندے بھی نہیں ہیں گھونسلوں میں

بھڑک اٹھیں گے شعلے جنگلوں میں

اگر جگنو بھی چمکا جھاڑیوں میں

یہ کن سوچوں کی دیمک رینگتی ہے

مرے ماتھے کی گہری سلوٹوں میں

رقم ہے چہرہ چہرہ جو کہانی

کن افسانوں میں ہے کن ناولوں میں

بہت تنہا ہے وہ اونچی حویلی

مرے گاؤں کے ان کچے گھروں میں

مزید غزلیں از خالد صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں