پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد شیرازی کی غزلیں — Khalid Shirazi Ghazals

خالد شیرازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو مرے دل میں ہے لوگوں سے چھپاؤں کس طرح (غزل)

جو مرے دل میں ہے لوگوں سے چھپاؤں کس طرح

کانچ کے اس شہر کو خالدؔ بچاؤں کس طرح

تو تو پہلے سے بھی اب معصوم ہے میرے لیے

میں تری عزت کو مٹی میں ملاؤں کس طرح

اپنا پیکر بھی مجھے زنداں نظر آنے لگا

کشمکش میں ہوں رہائی خود سے پاؤں کس طرح

میں کسی کے عدل کی ٹوٹی ہوئی زنجیر ہوں

مجھ پہ جو بیتی ہے دنیا کو بتاؤں کس طرح

دیکھ کس عکس مقابل جسم پتھر ہو گیا

چھوڑ کر اب آئنہ خانے کو جاؤں کس طرح

جاگتے لمحوں کی زنجیروں میں ہوں جکڑا ہوا

خواب کی دیوار کے سائے میں آؤں کس طرح

رتجگوں کے شہر میں جا کر اسے کیا ہو گیا

وہ تو کہتا تھا کہ میں تجھ کو بھلاؤں کس طرح

کھل اٹھے پھول مہک مجھ کو ہوا سے آئی (غزل)

کھل اٹھے پھول مہک مجھ کو ہوا سے آئی

ابر کے روپ میں بلقیس صبا سے آئی

کان کے ساتھ کھلی آنکھ کی پتلی لیکن

کوئی تصویر ابھر کے نہ صدا سے آئی

ریگ ساحل کی تب و تاب کی دشمن ٹھہری

لہر جو بھی پس دیوار ہوا سے آئی

دائمی کر لیا اس کو کہ سر‌ عرصۂ شب

دل کو جو ساعت غم دینے دلاسے آئی

جو تمنا کبھی آئی نہ تھی لب پر خالدؔ

آج خوں ہو کے رہی دیدۂ وا سے آئی

دل کے رنگ محل میں لاکھوں (نظم)

دل کے رنگ محل میں لاکھوں

سندر سندر اجلی اجلی پریاں

رقص کناں ہیں

لیکن ان پریوں کا راجہ

پھٹے پرانے کپڑے پہنے

اک ٹوٹی کرسی پر بیٹھا

جانے کن سوچوں میں گم ہے

مزید غزلیں از خالد شیرازی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں