خالد شریف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رخصت ہوا تو بات مری مان کر گیا (غزل)
رخصت ہوا تو بات مری مان کر گیا
جو اس کے پاس تھا وہ مجھے دان کر گیا
بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا
دلچسپ واقعہ ہے کہ کل اک عزیز دوست
اپنے مفاد پر مجھے قربان کر گیا
کتنی سدھر گئی ہے جدائی میں زندگی
ہاں وہ جفا سے مجھ پہ تو احسان کر گیا
خالدؔ میں بات بات پہ کہتا تھا جس کو جان
وہ شخص آخرش مجھے بے جان کر گیا
ناکام حسرتوں کے سوا کچھ نہیں رہا (غزل)
ناکام حسرتوں کے سوا کچھ نہیں رہا
دنیا میں اب دکھوں کے سوا کچھ نہیں رہا
اک عمر ہو گئی ہے کہ دل کی کتاب میں
کچھ خشک پتیوں کے سوا کچھ نہیں رہا
یادیں کچھ اس طرح سے سماعت پہ چھا گئیں
پچھلی رفاقتوں کے سوا کچھ نہیں رہا
لب سی لیے تو اپنے ہی کمرے میں یوں لگا
خاموش آئنوں کے سوا کچھ نہیں رہا
جذبے تمام کھو گئے لمحوں کی دھول میں
اب دل میں دھڑکنوں کے سوا کچھ نہیں رہا
قریب آؤ (نظم)
قریب آؤ
اور اپنی سانسیں مرے بدن کے ترازوؤں کو ادھار دے دو
مرے بدن کے اداس گوشے
ترازوؤں کے قدیم مسکن
یہ سوچتے ہیں کہ کب پرندوں کی پھڑپھڑاہٹ سکوت کے کان میں بجے گی
بہشت موعود
اپنے سیبوں کی قاشیں
میرے بنجر قدیم ہونٹوں پہ کب دھرے گی
طلوع ہستی کا دائرہ کب مرے بدن پر محیط ہوگا
میں سرد خانوں سے آ رہا ہوں