خالد سہیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تجھ سے سب کچھ کہہ کے بھی کچھ ان کہی رہ جائے گی (غزل)
تجھ سے سب کچھ کہہ کے بھی کچھ ان کہی رہ جائے گی
گفتگو اتنی بڑھے گی کچھ کمی رہ جائے گی
اپنے لفظوں کے سبھی تحفے تجھے دینے کے بعد
آخری سوغات میری خامشی رہ جائے گی
کشتیاں مضبوط سب بہہ جائیں گی سیلاب میں
کاغذی اک ناؤ میری ذات کی رہ جائے گی
حرص کے طوفان میں ڈھہ جائیں گے سارے محل
شہر میں درویش کی اک جھونپڑی رہ جائے گی
چھوڑ کر مجھ کو چلے جائیں گے سارے آشنا
صبح دم بس ایک لڑکی اجنبی رہ جائے گی
رات بھر جلتا رہا ہوں میں سہیلؔ اس آس میں
میں تو بجھ جاؤں گا لیکن روشنی رہ جائے گی
سجا سجا سا نئے موسموں کا چہرہ ہے (غزل)
سجا سجا سا نئے موسموں کا چہرہ ہے
خزاں کا حسن بہاروں سے بڑھ کے نکھرا ہے
رفاقتوں کے سمندر میں شہر بستے ہیں
ہر ایک شخص محبت کا اک جزیرہ ہے
سفر نصیب ہوا جب سے شاہراہوں پر
تو فاصلوں کا بھی احساس مٹتا جاتا ہے
ہمارے دور کی تاریکیاں مٹانے کو
سحاب درد سے خوشیوں کا چاند ابھرا ہے
میرا من اک خواب نگر ہے (نظم)
میرا من اک خواب نگر ہے
میرے من کی گلیوں، بازاروں اور چوراہوں میں
لفظوں، رنگوں اور خوشبوؤں کی
ہلکی ہلکی بارش ہوتی رہتی ہے
میرے من میں
چاہ کے چشمے
امن کی نہریں
آس کے دریا
پیار سمندر
ہر سو بہتے رہتے ہیں
جن میں نہا کر
اپنے بھی بیگانے بھی
دانائی کی دھوپ میں لیٹے
سحر زدہ سے رہتے ہیں
درویشوں کا ڈیرا بھی ہے
اس ڈیرے پر
شاعر، صوفی، پاپی، دانا سب آتے ہیں
کچھ سپنے وہ لے جاتے ہیں
کچھ سپنے وہ دے جاتے ہیں
ان سپنوں کی دھرتی سے جب
غزلوں، نظموں، گیتوں کے کچھ
پھول کھلیں تو برسوں پھر وہ
خواب نگر کو مہکاتے ہیں
میرے من کی گلیوں، بازاروں اور چوراہوں پر