خالد نقاش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو تیری راہ کا ذرہ نہیں تھا (غزل)
جو تیری راہ کا ذرہ نہیں تھا
تو میں خود اس قدر اونچا نہیں تھا
تجھے کھو کر ہوا ہوں جس قدر میں
کبھی میں اس قدر تنہا نہیں تھا
زمانہ کس لیے خیرات دیتا
کسی سائل کا میں کاسہ نہیں تھا
تو پھر یہ زہر کیسا جسم و جاں میں
اگر زخم جگر گہرا نہیں تھا
تمہارے درد نے جیسا بنایا
میں اس سے پیشتر ایسا نہیں تھا
میں کیسے منزلیں پاتا یہ نقاشؔ
جہاں میں تھا کوئی رستہ نہیں تھا
بس اتنا حوصلہ رکھا ہوا ہے (غزل)
بس اتنا حوصلہ رکھا ہوا ہے
ترا غم جا بجا رکھا ہوا ہے
سحر کی آس میں دیوار جاں پر
سلگتا سا دیا رکھا ہوا ہے
بس اپنی ذات کو شہر سخن میں
ہنر سے آشنا رکھا ہوا ہے
غم دنیا کو رکھا ہے علیحدہ
ترے غم کو جدا رکھا ہوا ہے
تری خواہش ترے غم کے علاوہ
دل مضطر میں کیا رکھا ہوا ہے
کہ ہم نے ابتدائے عشق کو بھی
مثال انتہا رکھا ہوا ہے
مزید غزلیں از خالد نقاش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں