خالد نیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
المیہ ایسا بھی ہو جاتا ہے منزل کے قریب (غزل)
المیہ ایسا بھی ہو جاتا ہے منزل کے قریب
ڈوب جاتا ہے سفینہ آ کے ساحل کے قریب
ہم ہی سلجھائیں گے آخر مشکلوں کی گتھیاں
ہاں ہمیں لے جائیے مشکل سے مشکل کے قریب
ہر گھڑی ہر لمحہ ہر پل سوچتا رہتا ہوں میں
دل ہے غم کے پاس یا غم ہے مرے دل کے قریب
موت نے بھی رشک سے دیکھا تھا میرے عزم کو
کتنی بے باکی سے میں بیٹھا تھا قاتل کے قریب
آبلہ پائی سے نیرؔ میں ہراساں تو نہیں
رفتہ رفتہ آ ہی جاؤں گا میں منزل کے قریب
پاس آ کر دفعتاً جب دور ہو جائے کوئی (غزل)
پاس آ کر دفعتاً جب دور ہو جائے کوئی
ہائے وہ عالم کہ یوں رنجور ہو جائے کوئی
خودکشی کے واسطے گھر سے نکل پڑتا ہے وہ
جب کبھی حالات سے مجبور ہو جائے کوئی
یہ علامت اس کے اپنے ظرف کی پہچان ہے
بھول کر اوقات جب مغرور ہو جائے کوئی
یہ سراپا گل بدن تو مے کدہ جیسا لگے
دیکھ کر آنکھیں تری مخمور ہو جائے کوئی
یہ تو اے نیرؔ کسی بھی معجزے سے کم نہیں
دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہو جائے کوئی