خالد ندیم شانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خط کے چھوٹے سے تراشے میں نہیں آئیں گے (غزل)
خط کے چھوٹے سے تراشے میں نہیں آئیں گے
غم زیادہ ہیں لفافے میں نہیں آئیں گے
ہم نہ مجنوں ہیں نہ فرہاد کے کچھ لگتے ہیں
ہم کسی دشت تماشے میں نہیں آئیں گے
مختصر وقت میں یہ بات نہیں ہو سکتی
درد اتنے ہیں خلاصے میں نہیں آئیں گے
اس کی کچھ خیر خبر ہو تو بتاؤ یارو
ہم کسی اور دلاسے میں نہیں آئیں گے
جس طرح آپ نے بیمار سے رخصت لی ہے
صاف لگتا ہے جنازے میں نہیں آئیں گے
کہہ گیا ہوں جو میں روانی میں (غزل)
کہہ گیا ہوں جو میں روانی میں
وہ تو شامل نہ تھا کہانی میں
کوئی لغزش گناہ توبہ کر
نیک بچہ تھا میں جوانی میں
رنگ کالا بھی اس پہ جچتا ہے
پر جو لگتی ہے آسمانی میں
پاؤں دریا میں ڈال کر بولی
ایسے لگتی ہے آگ پانی میں
میں اگر خود کو مار ڈالوں تو
کیا بچے گا تری کہانی میں
مزید غزلیں از خالد ندیم شانی ←1 غزلیں منسلک