پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد ندیم بدایونی کی غزلیں — Khalid Nadeem Budauni Ghazals

خالد ندیم بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق سے جب آشنا حسن زلیخا ہو گیا (غزل)

عشق سے جب آشنا حسن زلیخا ہو گیا

مصر کے بازار میں یوسف کا سودا ہو گیا

عشق کی رعنائیوں سے آپ کیا واقف ہوئے

گفتگو میں آپ کی انداز پیدا ہو گیا

چاند تاروں سے نہ مٹ پایا اندھیرے کا وجود

ایک جگنو کے چمکنے سے اجالا ہو گیا

یہ کرشمہ ہم نے دیکھا بزم فتنہ ساز میں

جو تماشہ کرنے آیا خود تماشہ ہو گیا

کم نہ تھیں یوں بھی تو خالدؔ عشق کی نیرنگیاں

آپ کے آنے سے موسم اور سہانا ہو گیا

نہ زندگی کو حقیقت نہ خواب لکھنا ہے (غزل)

نہ زندگی کو حقیقت نہ خواب لکھنا ہے

وجود زیست کو اپنے سراب لکھنا ہے

نظر کا اپنی مجھے انتخاب لکھنا ہے

تجھی کو چاند تجھی کو گلاب لکھنا ہے

رواں ہو کارواں چاہے زوال کی جانب

مفکروں کو مگر انقلاب لکھنا ہے

یہ حسن و عشق وفا و وصال کا موسم

تمہیں بتاؤ کہ کس کو خراب لکھنا ہے

فساد جرم عداوت غرور عیاری

ذرا سی عمر میں کتنا حساب لکھنا ہے

وہ بات لکھنا جو زخم جگر کی موجب ہو

اگر خطوں کا ہمارے جواب لکھنا ہے

سخنوروں نے تو لکھا حباب ہستی کو

ہمیں حیات کو اپنی سراب لکھنا ہے

مزید غزلیں از خالد ندیم بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں