خالد مطیع کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیوں بھلا حاشیہ بردار نظر آتے ہیں (غزل)
کیوں بھلا حاشیہ بردار نظر آتے ہیں
آپ تو صاحب گفتار نظر آتے ہیں
جس قدر محسن و غم خوار نظر آتے ہیں
سب تمہارے ہی طرفدار نظر آتے ہیں
کچھ پرکھنے کا سلیقہ ہی نہیں ہے ان کو
اس لئے ہم انہیں بے کار نظر آتے ہیں
کیا غضب دور ہے جھوٹوں کی گواہی کے طفیل
جتنے سچے تھے سر دار نظر آتے ہیں
راس آئی ہے حسینوں کی رفاقت شاید
آپ بھی صاحب کردار نظر آتے ہیں
جو کبھی قوم کے غدار کہے جاتے تھے
اب وہی قوم کے سردار نظر آتے ہیں
خون ہی خون ہے ہر سمت جہاں میں خالدؔ
جس میں ڈوبے ہوئے اخبار نظر آتے ہیں
یہ نہ سمجھو کبھی دغا دیں گے (غزل)
یہ نہ سمجھو کبھی دغا دیں گے
ہم تمہیں ایک دن بھلا دیں گے
خود ہی کاسہ بدست ہیں یارو
پھر بتاؤ کہ تم کو کیا دیں گے
روئے روشن پہ جب گرا پردہ
پیار سے ہم اسے ہٹا دیں گے
ظلم جبر و ستم کی آندھی کو
حسن اخلاق سے مٹا دیں گے
شہر میں نفرتوں کے اے خالدؔ
دیپ الفت کے ہم جلا دیں گے