پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد ملک ساحل کی غزلیں — Khalid Malik Sahil Ghazals

خالد ملک ساحل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک تلوار ہے تلوار بھی دو دھاری ہے (غزل)

ایک تلوار ہے تلوار بھی دو دھاری ہے

زندگی پھول ہے پتھر سے مگر بھاری ہے

ایک عادت سی ہے بیزار طبیعت رہنا

ورنہ اس وقت کہاں کوئی بھی بے زاری ہے

سرفروشی کا مزہ ہے نہ خطا پوشی کا

دشمن جان بھی جذبات سے اب عاری ہے

آؤ سنسار کی قیمت میں لگائیں بولی

لوگ کہتے ہیں کہ انسان میں ناداری ہے

جانے کس سوچ کے لمحے نے چھوا ہے تجھ کو

اک عجب کیف مری روح پہ بھی طاری ہے

تشنہ تشنہ سے بدن میں ہے شرابی نشہ

چشمۂ فیض تری آنکھ سے پھر جاری ہے

میرے بھی کچھ گلے تھے مگر رات ہو گئی (غزل)

میرے بھی کچھ گلے تھے مگر رات ہو گئی

کچھ تم بھی کہ رہے تھے مگر رات ہو گئی

دنیا سے دور اپنے برابر کھڑے رہے

خوابوں میں جاگتے تھے مگر رات ہو گئی

اعصاب سن رہے تھے تھکاوٹ کی گفتگو

الجھن تھی مسئلے تھے مگر رات ہو گئی

آنکھوں کی روشنی میں اندھیرے بکھر گئے

خیمے سے کچھ جلے تھے مگر رات ہو گئی

اے دل اے میرے دل یہ سنا ہے کہ شام کو

گھر سے وہ چل پڑے تھے مگر رات ہو گئی

ایسی بھی کیا وفا کی کہانی تھی رو پڑے

کچھ سلسلے چلے تھے مگر رات ہو گئی

کچھ زینے اختیار کے چڑھنے لگا تھا میں

کچھ وہ اتر رہے تھے مگر رات ہو گئی

دشمن کی دوستی نے مسافت سمیٹ لی

قدموں میں راستے تھے مگر رات ہو گئی

ساحلؔ فریب فکر ہے دنیا کی داستاں

کچھ راز کھل چلے تھے مگر رات ہو گئی

چلو مسافر، اداس شاموں کی رہ گزر میں (نظم)

چلو مسافر، اداس شاموں کی رہ گزر میں

ستارے، ڈھونڈیں

چھلکتی آنکھوں میں زندگی کے جو بچ گئے ہیں وہ خواب ڈھونڈیں

بھٹکتی گلیوں میں آبلوں کے گلاب دیکھیں

پہاڑ سوچوں میں سبز رنگوں کے خواب دیکھیں

چلو مسافر

نشان منزل جو خواب سا ہے، جو آرزؤں کا حادثہ ہے

اسی کے رستے میں کہکشائیں بکھیر دیں ہم

بقا کے رستے میں خیمہ زن ہیں، خطا کے لشکر، فنا کے لشکر

چلو مسافر فنا کے گھر سے

بقا کی منزل اٹھا کے لائیں گے

حکایتوں میں حقیقتوں کا مزاج بھر دیں

کسی کے گھر میں

اندھیرے گھر میں

چراغ رکھ دیں

چھلکتی آنکھوں میں خواب رکھ دیں

مزید غزلیں از خالد ملک ساحل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں