پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد محمود ذکی کی غزلیں — Khalid Mahmood Zaki Ghazals

خالد محمود ذکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھے پا کر بھی جب کوئی کمی محسوس ہوتی ہے (غزل)

تجھے پا کر بھی جب کوئی کمی محسوس ہوتی ہے

تو پھر یہ سانس بھی رکتی ہوئی محسوس ہوتی ہے

جو کہنا ہی نہیں اس کا اشارہ کیوں دیا جائے

کہ ایسی بات تو کچھ اور بھی محسوس ہوتی ہے

عدیم الفرصتی شدت سے اس کا یاد آ جانا

غنیمت ہے اگر یہ تشنگی محسوس ہوتی ہے

پلٹ کر آ گئے ہو تم تو کیوں آئے نہیں لگتے

تمہاری آنکھ میں کیوں گرد سی محسوس ہوتی ہے

وگرنہ بوجھ ہے جس کو لئے پھرنا ہے کاندھے پر

کریں محسوس تو یہ زندگی محسوس ہوتی ہے

شجر وہ بھی جسے سینچا ہو اپنا خون دے دے کر

کبھی اس کی بھی چھاؤں اجنبی محسوس ہوتی ہے

یہ میرے خواب ہیں جو سایہ کرتے ہیں مرے سر پر

مجھے اس دوپہر میں چھاؤں سی محسوس ہوتی ہے

کسی کی گفتگو کے درمیاں اکثر نہ جانے کیوں

کہیں گہری سی کوئی خامشی محسوس ہوتی ہے

زمیں تیری طرح میں بھی سفر میں ہوں کہ جیسے تو

کبھی ٹھہری نہیں ٹھہری ہوئی محسوس ہوتی ہے

اشکوں سے دھل کے آئنہ خانہ بدل گیا (غزل)

اشکوں سے دھل کے آئنہ خانہ بدل گیا

بارش ہوئی تو موسم رفتہ بدل گیا

جب بھی سنبھالا چاند نے برباد شہر کو

دیوار و در وہی رہے نقشہ بدل گیا

اک دشت بے اماں میں سفر کر رہے تھے ہم

سانسیں اکھڑ گئیں کبھی رستہ بدل گیا

اتری نظر سے گرد تو منظر کچھ اور تھا

یوں لگ رہا تھا جیسے وہ چہرہ بدل گیا

ہر بار پہنچے ہم ترے معیار تک مگر

ہر بار تیرا ہم سے تقاضا بدل گیا

پہلے تو انتقام نے شل کر دئیے حواس

پھر جانے کیا ہوا کہ ارادہ بدل گیا

اس بار تیرے حرف تسلی نہ بن سکے

اس بار تیری بات کا لہجہ بدل گیا

کم کم رہا تھا دن کے سمے دل میں تیرا عکس

شب آ گئی تو جیسے یہ شیشہ بدل گیا

مزید غزلیں از خالد محمود ذکی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں