پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خالد محمود امر کی غزلیں — Khalid Mahmood Amar Ghazals

خالد محمود امر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود سے بھی وہ ڈرتا ہوگا (غزل)

خود سے بھی وہ ڈرتا ہوگا

وہ بھی میرے جیسا ہوگا

زخم جگر سے جو ٹپکا ہے

اس کی آنکھ سے بہتا ہوگا

سوچوں میں آئے چپکے سے

ننگے پاؤں چلتا ہوگا

در پہ دستک دینے والا

اس کی یاد کا جھونکا ہوگا

مہک اٹھا ہے میرا بدن بھی

خوشبو میں وہ رہتا ہوگا

سطح آب پہ اک چہرہ ہے

لہروں میں وہ رہتا ہوگا

اب تو خواب جزیروں میں وہ

یاد کے کنکر چنتا ہوگا

کھویا کھویا سا خود میں ہی

لوگوں سے وہ ملتا ہوگا

دیکھ کے گرتے پتوں کو وہ

پہروں بیٹھ کے روتا ہوگا

دشت غم کے سناٹے میں

وہ بھی تنہا تنہا ہوگا

دل میں چھپا کر میری یادیں

پہروں نظمیں لکھتا ہوگا

مست ہواؤں سے ہی عمرؔ وہ

میرے نغمے سنتا ہوگا

درد دل لا دوا نہیں ہوتا (غزل)

درد دل لا دوا نہیں ہوتا

ہاں مگر حوصلہ نہیں ہوتا

غم خوشی رنگ زندگی کے ہیں

رات بن دن نیا نہیں ہوتا

روشنی سے چھپاتے ہیں چہرے

جب اندھیرا ذرا نہیں ہوتا

چند یادیں ہیں کچھ جواں سوچیں

کون تنہا سدا نہیں ہوتا

ٹھہرے پانی تو گدلے ہوتے ہیں

کیوں کہوں وہ جدا نہیں ہوتا

رہتے ہیں ایک گھر میں ہی لیکن

مدتوں سامنا نہیں ہوتا

مسکراؤں تو سب عمرؔ ہمدم

غم میں اک آشنا نہیں ہوتا

مزید غزلیں از خالد محمود امر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں