خالد کوٹی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنے ہی شہر میں اجنبی ہو گیا (غزل)
اپنے ہی شہر میں اجنبی ہو گیا
دوستوں نے جو چاہا وہی ہو گیا
غیر تو غیر اپنوں سے نسبت نہیں
کس قدر خود غرض آدمی ہو گیا
پیار اخلاص دل بستگی دلبری
آج کل پیکر کاغذی ہو گیا
قتل اس نے کیا اپنا کہہ کر مجھے
سارے الزام سے بھی بری ہو گیا
لوگ کیوں اس کو مغرور کہنے لگے
پیدا جس میں شعور خودی ہو گیا
کیا کوئی انقلاب اور آنے کو ہے
چہرہ غنچوں کا کیوں شبنمی ہو گیا
جو بھی گزرا ہے خالدؔ تری یاد میں
لمحہ وہ حاصل زندگی ہو گیا
غم زندگی کا تو غم نہیں کہ مجھے غموں سے ہی پیار ہے (غزل)
غم زندگی کا تو غم نہیں کہ مجھے غموں سے ہی پیار ہے
ترا غم بھی مجھ کو عزیز ہے ترے غم میں لطف بہار ہے
جو اداس آیا کوئی نظر تو خزاں پکاری بہ چشم تر
مرے آنے کا کوئی غم نہ کر مرے بعد فصل بہار ہے
تری بزم مے میں بہ صد خوشی جو پیا تھا بادۂ غم کبھی
وہی جام ہے مری زندگی مجھے آج تک وہ خمار ہے
کبھی شکوہ تیرے ستم کا ہے کبھی شکر تیرے کرم پہ ہے
رہ و رسم عشق بھی خوب ہے نہ سکون ہے نہ قرار ہے
نہ تو چھیڑ اب مری داستاں مرے ہم نفس مرے ہم زباں
میں وہی ہوں خالدؔ خستہ جاں کہ جو زندگی کو بھی بار ہے